Saturday , December 16 2017
Home / Top Stories / ۔2022 ء تک ہر ہندوستانی کو گھر ، کسانوں کی آمدنی دوگنی !

۔2022 ء تک ہر ہندوستانی کو گھر ، کسانوں کی آمدنی دوگنی !

SHAHANSHAPUR, VARANASI, SEP 23 (UNI):- Prime Minister, Narendra Modi visiting the Pashudhan Arogya Mela, at Shahanshahpur, Varanasi, Uttar Pradesh on Saturday. UNI PHOTO-16U

بی جے پی ووٹوں کیلئے سیاست نہیں کرتی۔ کالا دھن ، کرپشن کیخلاف جنگ چھڑچکی۔ یوگی حکومت کو شاباشی
وزیراعظم مودی کاخطاب

شہنشاہ پور (وارانسی) 23 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج اپنے سیاسی حریفوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ بی جے پی کیلئے سیاست ووٹوں کا حصول نہیں کیوں کہ وہ ملک کی ترقی کو اولین ترجیح مانتی ہے۔ اپنے لوک سبھا حلقہ وارانسی کو دو روزہ دورے کے آج دوسرے دن یہاں ’پشو آروگیہ میلہ‘ (میلہ برائے حفظان مویشیان) کا افتتاح کرنے کے بعد جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کسانوں کی آمدنی کو دوگنا کرنے اور بے گھر افراد کو 2022 ء تک امکنہ کی فراہمی کا وعدہ بھی کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ حکومت نے کالا دھن اور کرپشن کے خلاف جنگ چھیڑ رکھی ہے، جس کے لئے غریبوں کو بددیانت لوگوں کی لوٹ کھسوٹ کی وجہ سے پریشان ہونا پڑا ہے۔ ’’ہماری (بی جے پی) سیاست ووٹوں کے لئے نہیں ہمارا کلچر مختلف ہے۔ سیاست میں لوگ صرف وہی کام کرتے ہیں جو اُنھیں ووٹ دلائے، لیکن ہمارا کیریکٹر مختلف ہے۔ بعض سیاستدان صرف وہی کام کرتے ہیں جس سے اُنھیں ووٹ بٹورنے کی اُمید ہو لیکن ہم نے مختلف کلچر لایا ہے۔ ہمارے لئے قوم سب سے مقدم ہے اور یہی ہماری اوّلین ترجیح ہے، نہ کہ ووٹ‘‘۔ وزیراعظم نے کسانوں کو ڈیری فارمنگ اور افزائش مویشیان (انیمل ہسبینڈری) کو متبادل ذرائع آمدنی کے طور پر اختیار کرنے کی ترغیب دیتے ہوئے کہاکہ ایسی سرگرمیوں سے ترقی کی نئی راہ ملے گی جو نہ صرف کسانوں کی آمدنی بلکہ مجموعی طور پر قومی آمدنی بھی بڑھائے گی۔

مودی نے پردھان منتری آواس یوجنا کی سندیں بعض استفادہ کنندگان میں تقسیم کئے اور کہاکہ 2022 ء تک ہر غریب چاہے وہ شہری یا دیہی علاقے میں رہتا ہو ، اُسے مکان حاصل ہوگا۔ کروڑہا گھروں کی تعمیر سے نوکریاں اور آمدنی بھی پیدا ہوں گے۔ ’’اگر اس طرح کا کٹھن کام مودی نہیں کرے گا تو کون کرے گا‘‘۔ اُنھوں نے اترپردیش کی سابقہ سماج وادی پارٹی حکومت کو بھی نشانہ بنایا کہ اُس نے ریاست میں گھروں کے محتاج بے گھر لوگوں کی فہرست مرکز کو فراہم نہیں کی۔ ’’سابقہ حکومت کو کوئی دلچسپی نہ تھی کہ غریبوں کو مکانات دیئے جائیں۔ دباؤ ڈالنے کے بعد اُنھوں نے صرف 10,000 کی فہرست دی لیکن موجودہ (یوگی ادتیہ ناتھ) حکومت نے لاکھوں افراد کی فہرست دی ہے تاکہ وہ فائدہ اُٹھاسکیں‘‘۔ قبل ازیں مودی نے مویشیوں کے سائبان کا معائنہ کیا اور گاؤ شالہ میں بعض گایوں کی پیٹھ تھپکی۔ وہاں اُنھوں نے اسٹاف سے بات کرتے ہوئے اُن کے کام کے تعلق سے واقفیت حاصل کی۔ مودی نے کہاکہ حکومت کالا دھن، بدعنوانی اور بددیانتی کے خلاف بڑی لڑائی شروع کرچکی ہے۔ عام دیانتدار آدمی کو بدعنوان لوگوں کی وجہ سے پریشانی ہوتی ہے جو اُسے لوٹ لیتے ہیں۔ دیانتداری کی مہم تہوار کے مانند بڑھتی جارہی ہے۔ جس طرح ہمارے تاجر بھائی جی ایس ٹی اور آدھار سے خود کو وابستہ کررہے ہیں، عوام کا ایک ایک پیسہ اُن کی بھلائی کے لئے خرچ ہونا یقینی ہوجائے گا۔ ہم تیزی سے ترقی کررہے ہیں۔ وزیراعظم نے چیف منسٹر ادتیہ ناتھ کو مبارکباد دی کہ اُنھوں نے پشو دھن آروگیہ میلہ کا اہتمام کیا جو اُن کی رائے میں ریاست بھر کے کسانوں کو فائدہ پہونچائے گا۔ مودی نے اِس گاؤں میں اپنے نمایاں پراجکٹ سوچھ بھارت ابھیان کے تحت ٹائلیٹ یونٹس کے لئے سنگ بنیاد بھی رکھا۔ مودی نے اپنے دورہ کے پہلے روز 17 انفرا پراجکٹس مالیاتی 1000 کروڑ روپئے کا افتتاح کیا تھا۔

TOPPOPULARRECENT