Wednesday , August 15 2018
Home / شہر کی خبریں / ۔2022 تک تلنگانہ میں پلاسٹک پر مکمل امتناع،وزیر جنگلات جوگو رامنا کا بیان

۔2022 تک تلنگانہ میں پلاسٹک پر مکمل امتناع،وزیر جنگلات جوگو رامنا کا بیان

حیدرآباد ۔ 6 ۔جون (سیاست نیوز) وزیر جنگلات و ماحولیات جوگو رامنا نے کہا کہ تلنگانہ میں 2022 ء تک پلاسٹک پر مکمل امتناع عائد کرنے پر سنجیدگی سے غور کیا جارہا ہے ۔ عالمی یوم ماحولیات کے موقع پر جوگو رامنا نے نئی دہلی کے وگیان بھون میں منعقدہ قومی کانفرنس میں شرکت کی ۔ انہوں نے کہا کہ پلاسٹک کے سبب ماحولیات کو خطرہ لاحق ہے لہذا ملک بھر میں پلاسٹک کے استعمال کو ترک کرنے عوام میں شعور بیدار کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی وزیر ماحولیات ہرش وردھن کی قیادت میں تمام ریاستوں کے وزراء اور عہدیداروں نے ملک بھر میں پلاسٹک کے استعمال کو ترک کرنے کے مسئلہ پر غور و خوض کیا ۔ مرکزی وزیر کے مطابق ملک بھر میں پلاسٹک کے استعمال پر امتناع عائد کیا جاسکتا ہے۔ مرکزی وزیر نے ماحولیاتی تحفظ کے لئے تلنگانہ حکومت کی جانب سے کئے گئے اقدامات کی ستائش کی ۔ ہریتاہرم پروگرام کے تحت شجر کاری کی ستائش کرتے ہوئے مرکزی وزیر نے اطمینان کا اظہار کیا کہ 70 فیصد سے زائد پودوں کے تحفظ میں تلنگانہ حکومت کامیاب ہوئی ہے۔ تلنگانہ میں 15 مائیکرونس سے کم والے پلاسٹک پر امتناع عائد کردیا گیا ہے ۔ تازہ ترین صورتحال میں 50 مائیکرونس سے کم والے پلاسٹک پر پابندی کی تجویز ہے۔ جوگو رامنا نے مرکز سے مطالبہ کیا کہ وہ تلنگانہ کے حصہ کا فنڈ فوری جاری کریں۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تک ریاست کے حصہ کا 10 فیصد بھی جاری نہیں کیا گیا ۔

TOPPOPULARRECENT