Saturday , June 23 2018
Home / Top Stories / ۔2025ء تک ہندوستان سے تپ دق کے مکمل خاتمہ کا نشانہ

۔2025ء تک ہندوستان سے تپ دق کے مکمل خاتمہ کا نشانہ

دہلی میں ٹی بی فری انڈیا مہم کا افتتاح ، انداز فکر میں تبدیلی اور نئے راستوں کی تلاش پر زور : مودی
نئی دہلی۔ 13 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے 2025ء تک ہندوستان تپ دق کی بیماری کے مکمل خاتمہ کے لئے آج یہاں ٹی بی فری انڈیا مہم کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ تپ دق کی دباؤ کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے مساعی ہنوز پوری طرح کامیاب نہیں ہوسکی اور اس مقصد کے حصول کیلئے انہوں نے انداز فکر اور طرز عمل کو بدلنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کاہ کہ اگر ٹی بی کے ہر ایک مریض کے اولین موقع پر ہی بہترین علاج کے اصول کے ساتھ پیش قدمی کررہی ہے اور اس ضمن میں خانگی شعبہ سے بھی تعاون حاصل کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی بی کے ماہر فزیشینس اور ورکرس اس سمت گراں قدر خدمات انجام دے سکتے ہیں۔ انہوں نے ٹی بی سے پاک و آزاد گاؤں، پنچایت ضلع اور ریاست بنانے کے لئے تمام متعلقین کے ہمہ شعبہ جاتی تال میل کیساتھ حصہ لینے پر زور دیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ مرض تپ دق (ٹی بی) کے اثرات نہ صرف انسانی زندگیوں پر بلکہ معیشت اور ملک کے مستقبل پر بھی مرتب ہوتے ہیں۔ اس متعدی مرض سے غریب ہی سب سے زیادہ متاثر ہوا کرتے ہیں چنانچہ ٹی بی کے مکمل خاتمہ کیلئے اٹھایا جانے والا ہر قدم ان (غریبوں) کی زندگیوں سے راست طور پر مربوط ہوتا ہے۔

وہ یہاں دہلی۔ انسداد ٹی بی کانگریس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے ٹی بی کو 25 سال قبل ایمرجنسی قرار دیا تھا۔ 10 تا 20 سال گذرنے کے باوجود اگر کسی مہم کے مطلوبہ نتائج برآمد نہیں ہوئے تو ہمیں اب تک کئے جانے والے کام کا تجزیہ کرنے اور اپنا انداز فکر یا طرز عمل بدلنے کی ضرورت ہوتی ہے جس سے نئے راستے تلاش کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ مودی نے کہا کہ 2030ء تک دنیا بھر سے ٹی بی کے مکمل خاتمہ کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے اور میں یہ اعلان کرنا چاہتا ہوں کہ ہم ان سے پانچ سال قبل ہندوستان سے اس مرض کو جڑ سے اُکھاڑ پھینکنے کا نشانہ مقرر کرچکے ہیں۔ وزارت صحت کے زیراہتمام منعقدہ اس کانفرنس میں دنیا بھر کے مختلف ممالک کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ 2016ء کے دوران ٹی بی کے سبب 17 لاکھ افراد فوت ہوگئے۔ تپ دق اگرچہ قابل علاج مرض ہے، اس کے باوجود سالانہ ایک کروڑ افراد اس سے متاثر ہوتے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT