Monday , November 20 2017
Home / Top Stories / ۔3کمانڈوز ہلاک اور تقریباً ایک درجن پولیس اہلکار زخمی، ہیلی کاپٹر کے ذریعہ نعشوں کی منتقلی

۔3کمانڈوز ہلاک اور تقریباً ایک درجن پولیس اہلکار زخمی، ہیلی کاپٹر کے ذریعہ نعشوں کی منتقلی

رائے پور۔ /4مارچ، ( سیاست ڈاٹ کام ) چھتیس گڑھ میں ماؤیسٹ تشدد سے شدید متاثرہ ضلع سکما میں سیکوریٹی فورسیس اور نکسلائیٹس کے درمیان گھمسان لڑائی ( انکاؤنٹر ) میں سی آر پی ایس کے 3کمانڈوز ہلاک اور تقریباً ایک درجن اہلکار زخمی ہوگئے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ فائرنگ کے تبادلہ میں زخمی دو کمانڈوز سنجورین اور فتح سنگھ کل جانبر نہ ہوسکے جبکہ ان کا ایک ساتھی لکشمن سنگھ آج فوت ہوگیا۔ کم از کم 15دیگر اہلکار بشمول کوبرا کمانڈر پی ایس یادو اور ریاستی پولیس کی خصوصی …… گروپ کے سربراہ بھی انکاؤنٹر میں شدید زخمی ہوگئے جس کا اختتام آج عمل میں آیا۔ضلع سکما کے جنگلات میں کل دوپہر پولیس کا گشتی دستہ فائرنگ کی زد میں آگیا جنہیں انکاؤنٹر کے مقام سے کشٹا پورم پولیس اسٹیشن لایا گیا تھا اور آج صبح ہیلی کاپٹر کے ذریعہ رائے پور منتقل کیا گیا۔ انسپکٹر جنرل ( بستر ریجن ) ایس آر پی کلوری اور پولیس سپرنٹنڈنٹ ضلع سکما ڈی شراون فی الحال کشٹارم میں قیا م کئے ہوئے ہے جو ریاستی دارالحکومت سے 500 کلو میٹر دور واقع ہے۔ ماویسٹوں کی فائرنگ میں زخمی دیگر پولیس اہلکاروں میں اسسٹنٹ کمانڈنٹ یوگیندرا، سب انسپکٹر راجیو سنگھ، ہیڈ کانسٹبل سوسش، کانسٹبل سونارام بھی شامل ہیں۔ یہ انکاؤنٹر کل اسوقت شروع ہوا جب جنگل میں لڑائی کی ماہر سی آر پی ایف کی ٹیم کوبرا ( کمانڈو بٹالین فار ریسلویٹ ایکشن ) بسترریجن میں ماویسٹوں کے ساتھ مڈبھیڑ ہوگئی۔

کوبرا ٹیم اور ماویسٹوں کے درمیان کل دوپہر 12:30 بجے گھمسان لڑائی شروع ہوئی اور سیکورٹی فورس کا جنگل سے تخلیہ کروانے کیلئے ماویسٹوں نے گھات لگاکر حملہ کیا اور آ گ کے گولے داغے جس پر سیکورٹی فورسیس نے فائرنگ کے ذریعہ موثر جواب بھی دیا اور مقابلہ آرائی کا یہ سلسلہ رات دیر گئے تک جاری رہا تاہم فائرنگ میں زخمی  جوانوں کو جنگل سے باہر نکالنے میں سی آر پی ایف اور ریاستی پولیس کے 600 اسکالروں کو طلب کرلیا گیا۔ چھتیس گڑھ کے اسپیشل ڈائرکٹر جنرل پولیس ( انسداد نکسلائیٹس سرگرمیاں ) مسٹر ڈی ایم اواستھی نے یہ اطلاع دی اور بتایا کہ فائرنگ میں زخمی تین کمانڈوز حد سے زیادہ خون بہنے پر فوت ہوگئے کیونکہ ماویسٹوں کے تابڑتوڑ حملوں سے ان کے تخلیہ میں تاخیر ہوگئی تھی۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ مہلوک ایک کوبرا کمانڈو فتح سنگھ نے اسکواڈ کے کئی ارکان کو تربیت دی تھی اور مخالف نکسلائیٹس کارووائیوں کو کامیابی سے ہمکنار کیا تھا جبکہ سب انسپکٹر راجویر سنگھ نکسلائیٹس میں سب سے پہلے نشانہ پر آگئے بعد ازاں دیگر اہلکار زخمی ہوگئے۔ کوبرا ٹیم کو جنگل میں ماویسٹوں کی سرکوبی کیلئے متعین کیا گیا تھا جوکہ تلاشی مہم پر تھی۔ لیکن ماویسٹوں کے اچانک حملہ سے اس کے ماہر کمانڈوز ہلاک ہوگئے ہیں۔ واضح رہے کہ 3یوم قبل تلنگانہ اور چھتیس گڑھ کی سرحد پر انکاؤنٹر میں 8نکسلائیٹس کو مار گرایا گیا تھا۔

50 فٹ گہرے بورویل میں لڑکا پھنس گیا
جھانسی ( اترپردیش ) ۔ 4 ۔ مارچ : (سیاست ڈاٹ کام ) : جھانسی کے قریب امروتھا گاؤں میں ایک 5 سالہ لڑکا ایک شخص بورویل میں گر گیا ۔ جسے سانس لینے کے لیے آکسیجن سربراہ کی جارہی ہے ۔ پولیس نے بتایا کہ نکھیل 50 فٹ گہرے بورویل میں پھنسا ہوا ہے اور اسے سانس لینے کے لیے آکسیجن سربراہ کی جارہی ہے ۔ بورویل سے متصل ایک 35 فٹ گڑھا کھودا جارہا ہے یہ بچہ کل اس وقت گر پڑا جب اس کے والدین قریبی کھیت میں کام کررہے تھے ۔ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اجئے شکھلا نے بتایا کہ اس بچہ کو آج شام تک بحفاظت نکال لیا جائے گا ۔۔

TOPPOPULARRECENT