Wednesday , November 22 2017
Home / پاکستان / ۔35 بچوںکا ڈاکٹر باپ 100 بچوں کا باپ بننے کا خواہاں

۔35 بچوںکا ڈاکٹر باپ 100 بچوں کا باپ بننے کا خواہاں

کراچی ۔ 22 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ایک دوردراز علاقہ میں ایک 43 سالہ ڈاکٹر جس کے پہلے ہی 35 بچے ہیں۔ تاہم اس کی روزمرہ کی سرگرمیوں میں کوئی فرق نہیں دکھائی دیتا۔ اسے اس بات کی بھی ذرہ برابر فکر نہیں ہیکہ اسے 35 بچوں کی غذا، کپڑے اور دیگر ضروریات کیلئے کیسے پاپڑ بیلنے پڑتے ہوں گے۔ اس پر طرہ یہ کہ اس نے 100 بچوں کے باپ ہونے کا نشانہ مقرر کر رکھا ہے۔ جان محمد نامی شخص اپنی تین بیویوں، 21 بیٹیوں اور 14 بیٹوں کے ساتھ صوبہ کے ایک پسماندہ علاقہ میں رہائش پذیر ہے۔ اس کا کہنا ہیکہ اپنے خاندان کی ضروریات کی تکمیل کیلئے اسے کبھی کسی مسئلہ کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ اس نے بتایا کہ گذشتہ ہفتہ اس کی دوسری اور تیسری بیویوں نے دو بیٹیوں کو جنم دیا ہے اور اب مجھے 35 بچوں کا باپ ہونے پر فخر ہے۔ اگر ممکن ہوا تو چوتھی بار شادی کرتے ہوئے 100 بچے پیدا کرنے کا ریکارڈ بناؤں گا۔ اس نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ تینوں بیویوں اور 35 بچوں کا خرچ پورا کرنے کیلئے اسے ماہانہ ایک لاکھ روپیوں کی ضرورت ہوتی ہے اور میں یہ خرچ کسی نہ کسی طرح پورا کرلیتا ہوں کیونکہ میں ایک قابل ڈاکٹر ہوں اور ساتھ ہی ساتھ میرا چھوٹا موٹا کاروبار بھی ہے۔ یہ بات بھی حیرت انگیز ہیکہ جان محمد اپنے تمام بچوں کو معیاری تعلیم بھی فراہم کررہا ہے۔ اس نے کہا کہ آج کے اس مشینی دور میں تعلیم کے بغیر زندگی ادھوری ہے۔ سب سے پہلے ڈاکٹر جان محمد اور اس کے طویل خاندان کے بارے میں لوگوں کو ڈان نیوز چینل کے ذریعہ معلوم ہوا اور اس ویڈیو کو فیس بک پر تقریباً 3.3 ملین افراد نے دیکھا تھا۔

TOPPOPULARRECENT