Sunday , June 24 2018
Home / ہندوستان / ۔50 کروڑ روپئے سے زائد قرض پر پاسپورٹ تفصیلات کا لزوم

۔50 کروڑ روپئے سے زائد قرض پر پاسپورٹ تفصیلات کا لزوم

نئی دہلی ۔ /10 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بینکوں اور دیگر مالیاتی اداروں سے 50 کروڑ روپئے یا اس سے زائد قرض حاصل کرنے والوں کے پاسپورٹ تفصیلات کاحصول لازمی بنادیا گیا ہے تاکہ کسی دھوکہ دہی کی صورت میں بروقت سخت کارروائی اور ایسے دھوکہ بازوں کو ملک سے فرار ہونے سے روکنے کو یقینی بنایا جاسکے ۔ ایک اعلیٰ عہدیدارا نے کہا کہ پاسپورٹ کی تفصیلات بینکوں کو بروقت کارروائی میں مدد کریں گی اور دھوکہ بازوں کے ملک سے فرار ہونے کو روکنے کے لئے متعلقہ حکام کو مطلع کرنے میں معاون ثابت ہوں گی ۔ فینانشیل سرویس سکریٹری راجیو کمار نے ٹوئیٹر پر لکھا کہ ’’صاف ستھری اور ذمہ دارانہ بینکنگ کیلئے آئندہ قدم ۔ 50 کروڑ روپئے سے زائد قرض لینے والوں سے پاسپورٹ تفصیلات کا حصول ۔ دھوکہ دہی کی صورت میں بروقت ردعمل کو یقینی بنانے کا قدم ‘‘ ۔راجیو کمار نے مزید کہا کہ معاشی مجرمین کے فرار کو روکنے کے لئے یہ احتیاطی اقدام ہیں ۔ 50 کروڑ روپئے سے زائد قرض حاصل کرنے والوں کو تمام نئے درخواست گذاروں سے اب پاسپورٹ تفصیلات بھی حاصل کی جائیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ بینکوں سے کہا گیا ہے کہ ان تمام افراد سے بھی اندرون 45 دن پاسپورٹ تفصیلات وصول کی جائیں جو پہلے ہی 50 کروڑ روپئے سے زائد کے قرض حاصل کرچکے ہیں ۔ پاسپورٹ تفصیلات نہ ہونے کے سبب بینکس اپنے کئی مقروض اور نادہندگان کے ملک سے فرار ہونے کو روکنے بروقت کارروائی میں ناکام ہوگئی ہیں ۔ نیرو مودی ، میہول چوکسی ، وجئے ملیا ، جتن مہتا اور ایسے ہی کئی دوسرے نادہندگان بینکوں کو ہزاروں کروڑ روپئے کا دھوکہ دیتے ہوئے ملک سے فرار ہوکر قرض کی وصولی کے طریقہ کار پر ذمہ داروں کو ششدر کرچکے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT