Thursday , November 23 2017
Home / Top Stories / ۔690 کروڑ کی حج سبسڈی ختم کرنے حکومت سرگرم

۔690 کروڑ کی حج سبسڈی ختم کرنے حکومت سرگرم

سپریم کورٹ فیصلے کی روشنی میں جائزہ لینے اعلی سطح کی کمیٹی کی تشکیل ۔ جلد رپورٹ کی پیشکشی کا امکان

نئی دہلی 13 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام) مرکزی حکومت نے 2012 کے سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں حج سبسڈی کا جائزہ لینے ایک اعلی سطح کا پیانل تشکیل دیا ہے ۔ سپریم کورٹ نے حکم دیا تھا کہ 2022 تک عازمین کو دی جانے والی سبسڈی میں بتدریج کمی کرنے اور اسے ختم کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے آج یہ بات بتائی ۔ یہاں ایک تقریب کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے منسٹر آف اسٹیٹ اقلیتی امور ( آزادانہ چارچ ) مختار نقوی نے کہا کہ یہ پیانل امکان ہے کہ یہ بھی جائزہ لے گا کہ اگر سبسڈی نہ ہو تو کیا عازمین کم اخراجات یا مساوی اخراجات ادا کرتے ہوئے سعودی عرب کا سفر کر پائیں گے یا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حج سبسڈی کے تعلق سے سوالات اور مسائل وقفہ وقفہ سے اٹھتے رہے ہیں اور ہم نے سبسڈی سے متعلق مختلف پہلووں کا جائزہ لینے ایک اعلی سطح کی کمیٹی تشکیل دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی اپنا کام کر رہی ہے اور وہ متعلقہ فریقین کے ساتھ بات چیت کر رہی ہے اور امکان ہے کہ بہت جلد حکومت کو کمیٹی رپورٹ پیش کریگی ۔ مسٹر نقوی نے بتایا کہ حکومت نے کمیٹی کو کھلی چھوٹ دی ہے کہ وہ اپنے طور پر معلومات حاصل کرے ۔ لیکن جو مسئلہ توجہ طلب ہے وہ یہ ہے کہ آیا عازمین حج سبسڈی کے غیاب میں کم اخراجات پر یا مساوی اخراجات ادا کرتے ہوئے سعودی عرب کا سفر کر پائیں گے یا نہیں۔ واضح رہے کہ حیدرآباد کے ایم پی اسد الدین اویسی نے کل ہی اپنے ٹوئیٹر پر تجویز پیش کی تھی کہ حکومت عازمین حج کو دی جانے والی 690 کروڑ کی سبسڈی کو ختم کرے اور یہ رقم لڑکیوں کی تعلیم پر خرچ کی جائے ۔ اب حکومت نے سپریم کورٹ کے فیصلے کا بھی حوالہ دیا ہے اور وہ حج سبسڈی کو ختم کرنے عملی اقدامات کا آغاز کرچکی ہے ۔ یہ قیاس کیا جا رہا ہے کہ بہت جلد عازمین کو حکومت سے ملنے والی سبسڈی ختم ہوجائیگی ۔ سعودی عرب نے دو دن قبل ہی ہندوستان کے تخفیف کردہ کوٹہ کو بحال کردیا تھا ۔ یہ کوٹہ 34,500 کا تھا اور اس کی بحالی کے ساتھ ہندوستان سے جاریہ سال سے 1,70,000 عازمین حج کیلئے جاسکتے ہیں۔ مسٹر نقوی نے اینگلو ۔ انڈین برادری کے ارکان سے تبادلہ خیال کے موقع پر یہ ریمارکس کئے ۔ انہوں نے قوم کی تعمیر جدید میں اینگلو ۔ انڈین برادری کے رول کی ستائش کی اور کہا کہ ان کی وزارت ایک جامع انداز میں اس برادری کو بھی با اختیار بنانے کیلئے اقدامات کریگی ۔ برادری کے نمائندوں میں مختلف ریاستوں سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی بھی تھے جنہوں نے وزیر موصوف سے ملاقات کی ۔ ان نمائندوں نے وزیر اقلیتی امور سے ملاقات کو تاریخی قدم قرار دیا ہے ۔
داعش سے روابط کا شبہ ، دو گرفتار
میڈریڈ ۔ 13 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) اسپین کی پولیس نے آج دو افراد کو دولت اسلامیہ سے روابط رکھنے کے شبہ میں گرفتار کرلیا۔ وزارت داخلہ نے کہا کہ اسپین کے شہر کیوٹا سے دو افراد کو بنیاد پرست تنظیم داعش کے ساتھ روابط رکھنے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT