Saturday , September 22 2018
Home / پاکستان / ۔8 سالہ لڑکی کی عصمت ریزی اور قتل ‘ پرتشدد احتجاج میں2 ہلاک

۔8 سالہ لڑکی کی عصمت ریزی اور قتل ‘ پرتشدد احتجاج میں2 ہلاک

لاہور۔ 10 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے صوبہ پنجاب میں ایک 8 سالہ لڑکی کی مبینہ عصمت ریزی اور قتل کے بعد پرتشدد احتجاج میں پولیس کے ساتھ ہوئی جھڑپوں میں 2 افراد ہلاک ہوگئے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق متوفیہ کو گزشتہ ہفتہ قصور ڈسٹرکٹ میں اس کے مکان کے باہر سے اغوا کیا گیا تھا جبکہ گزشتہ شب صدر کے علاقہ میں کچرے کے ایک ڈھیر کے قریب اس کی نعش پائی گئی۔ علاقائی پولیس آفیسر (قصور) ذوالفقار حمید نے یہ بات بتائی اور کہا کہ نعش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیجا گیا تھا اور بعدازاں پوسٹ مارٹم کی رپورٹ سے معلوم ہوا ہے کہ عصمت ریزی کے بعد لڑکی کا گلا گھونٹ کر قتل کردیا گیاتھا ۔ المناک بات یہ ہے کہ لڑکی اپنے قریبی رشتہ داروں کے ساتھ رہا کرتی تھی جبکہ اس کے والدین عمرہ کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب گئے ہوئے ہیں ۔ دوسری طرف پولیس نے اس سلسلہ میں چار مشتبہ افراد کو گرفتار کیا ہے جن سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے ۔ ذوالفقار حمید نے مزید کہا کہ ہم اس آدمی کی تلاش میں ہیں جسے سی سی ٹی وی فوٹیج میں لڑکی کو لے جاتے ہوئے دکھایا گیا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT