Wednesday , December 13 2017
Home / دنیا / ۔9/11 حملوں میں سعودی رول کا کوئی ثبوت نہیں: امریکہ

۔9/11 حملوں میں سعودی رول کا کوئی ثبوت نہیں: امریکہ

واشنگٹن ۔ 19 مئی (سیاست ڈاٹ کام) امریکی حکومت نے ایک بار پھر وضاحت کے ساتھ باور کرایا ہے کہ 11 ستمبر 2001ء کو امریکہ میں کئے گئے دہشت گرد حملوں سعودی عرب کا کوئی رول نہیں تھا۔ وائیٹ ہاؤس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ایوان نمائندگان کا ایک گروپ 9/11 کے کچھ متاثرین کے ساتھ مل کر سعودی عرب کو 9/11 حملوں میں الجھانے کے لیے معاوضوں کا دعویٰ کرنے کی تیاری کررہا ہے مگر ایسا ہرگز نہیں ہوسکتا کہ سعودی عرب کے خلاف کانگریس میں کوئی بل پیش ہو اور صدر براک اوباما اس پر دستخط کریں۔ وائیٹ ہاؤس کے ترجمان جاش ارنسٹ نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اس بات کے قوی خدشات موجود ہیں کہ ایوان نمائندگان میں سعودی عرب کو 9/11 حملوں میں قصور وار قرار دینے کے لیے کسی بل پر اتفاق کیا جائے گا مگر ہم یہ بات بالیقین کہتے ہیں کہ 9/11 کے حملوں میں سعودی عرب کے کردار سے متعلق ہمارے پاس کوئی ثبوت نہیں ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ انہی خدشات کے پیش نظر ایک سے زائد بار ہم نے اس امرکی وضاحت کی ہے کہ صدر براک اوباما ایسے کسی بھی بل پر دستخط نہیں کریں گے۔ خیال رہے کہ امریکی کانگریس کے ایوان نمائندگان میں پچھلے منگل کو ایک مسودہ قانون پیش کیا گیا تھا جس میں 9/11 کے متاثرین کی جانب سے سعودی عرب پر معاوضوں کی ادائیگی کا مطالبہ کیا گیا ہے تاہم اس متنازعہ بل پروائیٹ ہاؤس اور کانگریس کے درمیان ایک نئی کشمکش شروع ہوگئی ہے۔ امریکی کانگریس میں سعودی عرب کے خلاف جاری ’لابنگ‘ کے رد عمل میں سعودی وزیرخارجہ عادل الجبیر نے واضح موقف اختیار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس نوعیت کے متنازعہ قانونی بل سعودی عرب کا اعتراض عالمی قوانین کے بنیادی اصولوں کے عین مطابق ہے۔ امریکی کانگریس میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ خود مختاری اور تحفظ کے اصولوں کی نفی ہے اور اس طرح پوری دنیا میں جنگ کا قانون رائج ہوجائے گا۔

TOPPOPULARRECENT