Sunday , January 21 2018
Home / شہر کی خبریں / ’عازمین حج دعا کریں کہ اللہ تعالی کا کرم تلنگانہ ریاست پر ہمیشہ برقرار رہے‘

’عازمین حج دعا کریں کہ اللہ تعالی کا کرم تلنگانہ ریاست پر ہمیشہ برقرار رہے‘

اقلیتوں کی ترقی کیلئے خصوصی اقدامات، دوسرے قافلے کی روانگی کے موقع پر چیف منسٹر چندر شیکھر راو کا خطاب

اقلیتوں کی ترقی کیلئے خصوصی اقدامات، دوسرے قافلے کی روانگی کے موقع پر چیف منسٹر چندر شیکھر راو کا خطاب
حیدرآباد 15 ستمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو نے کہا کہ اُن کی حکومت تلنگانہ کے تمام شہریوں کی بلا لحاظ مذہب و ملت ترقی و خوشحالی کا منصوبہ رکھتی ہے۔ اقلیتوں کی پسماندگی کے خاتمہ کیلئے ٹی آر ایس حکومت نے بجٹ میں 1000 کروڑ روپئے مختص کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور یہ ابھی شروعات ہے۔ چیف منسٹرنے آج شام حج ہاوز نامپلی میں حج کمیٹی کے ذریعہ حج بیت اللہ کی سعادت حاصل کرنے کیلئے روانہ ہونے والے دوسرے قافلے کو وداع کیا۔ 350 عازمین حج پر مشتمل دوسرا قافلہ تلبیہ کی گونج میں شمس آباد انٹر نیشنل ایر پورٹ روانہ ہوا جہاں رات 9 بجے سعودی ایر لائنس کی خصوصی پرواز سے اُن کی روانگی عمل میںآئی۔ حج ہاوز سے عازمین حج کی روانگی کے موقع پر ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی، وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی، رکن پارلیمنٹ سکندرآباد بنڈارو دتاتریہ ، رکن اسمبلی شکیل عامر ،رکن قانون ساز کونسل محمد سلیم، سکریٹری اقلیتی بہبود احمد ندیم آئی اے ایس، اسپیشل آفیسر وقف بورڈ محمد جلال الدین اکبر آئی ایف ایس، اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور اور ایگزیکٹیو آفیسر ایم اے حمید اور دوسرے موجود تھے۔ عازمین حج کی پہلی بس کو چیف منسٹر نے جھنڈی دکھائی اور روانہ ہوگئے جبکہ دوسری بس کو وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی نے وداع کیا۔ چندر شیکھر راو جو چیف منسٹر کی حیثیت سے پہلی مرتبہ عازمین حج کو وداع کررہے تھے انتہائی پُر اثر اور عاجزانہ انداز میں خطاب کرتے ہوئے عازمین حج سے درخواست کی کہ وہ نئی ریاست کی ترقی ،امن و گنگا جمنی تہذیب کیلئے خصوصی دعاء کریں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ جس طرح رمضان المبارک میں روزہ کشائی کرانے والے کو روزہ کے مماثل ثواب حاصل ہوتا ہے اسی طرح حاجیوں کی خدمت کرنے پر مکمل حج کا ثواب ملتا ہے۔ آج تلنگانہ سرکار حاجیوں کی خدمت کیلئے موجود ہے اور انہیں ہر طرح کی سہولتوں کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ حاجیوں کی خدمت اس اعتبار سے بھی اہمیت کی حامل ہے کہ وہ اللہ کے گھر جارہے ہیں اس طرح حاجیوں کی خدمت بھی اللہ کی خدمت ہے۔ انہوں نے عازمین حج سے مودبانہ درخواست کی کہ نئی ریاست تلنگانہ میں امن و خوشحالی اور گنگا جمنی تہذیب کی برقراری کیلئے دعاء کریں۔ انہوں نے دعاء کی کہ اللہ تعالی تمام عازمین کے حج اور دعاؤں کو قبول فرمائیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت تمام شہریوں کی مساوی ترقی کے بارے میں سنجیدہ ہے۔ انہوں نے حج ہاوز سے متصل وقف بورڈ کی جانب سے تعمیر کی جارہی نئی عمارت کو بلڈنگ فیس سے مستثنی قرار دینے کا اعلان کیا۔ انہوں نے سکریٹری اقلیتی بہبود سے خواہش کی کہ وہ اس سلسلہ میں سکریٹری بلدی نظم و نسق سے مشاورت کرتے ہوئے احکامات جاری کریں۔ انہوں نے اسٹیج پر موجود میئر حیدرآباد سے بھی خواہش کی کہ وہ اس تجویز کو بلدیہ میں منظوری دلائیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ریاست کی ترقی کا مطلب ہر شہری کے چہرے پر خوشحالی بکھیرنا ہے اور حکومت ہر شخص کے چہرے پر خوشحالی دیکھنا چاہتی ہے۔ اقلیتوں کی پسماندگی کا حوالہ دیتے ہوئے چندر شیکھر راو نے کہا کہ سابق میں حکومتوں نے اقلیتوں کو نظر انداز کردیا اور ان کے لئے مناسب بجٹ مختص نہیں کیا گیا۔ ٹی آر ایس حکومت نے بجٹ میں 1000 کروڑ سے شروعات کی ہے۔ اس کے علاوہ غریب مسلم لڑکیوں کی شادی کیلئے فی کس 51 ہزار روپئے مختص کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ رقم راست طور پر اکاونٹ میں جائے گی اور والدین اپنی مرضی کے مطابق یہ رقم خرچ کرپائیں گے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ سابق میں جہیز کا ناقص سامان خرید کر غریب لڑکیوں کی شادی کیلئے دیا جارہا تھا۔ انہوں نے عازمین حج سے اپیل کی کہ وہ دعاء کریں کہ اللہ تعالی کا کرم تلنگانہ ریاست پر ہمیشہ برقرار رہے اور ہر شہری کے چہرے پر ہمیشہ خوشی رہے۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے ابتداء میں خیر مقدم کیا۔ مولانا شاہ جمال الرحمن امیر امارت ملت اسلامیہ نے سفر حج کے ضروری امور سے عازمین حج کو واقف کرایا اور آخر میں دعاء کی۔ اس موقع پر حج گائیڈ کی رسم اجراء انجام دی گئی۔

TOPPOPULARRECENT