Saturday , September 22 2018
Home / دنیا / ’میک ان انڈیا‘ کی تائید ، ایربس ہندوستان میں مینوفیکچرنگ یونٹ قائم کرنے تیار

’میک ان انڈیا‘ کی تائید ، ایربس ہندوستان میں مینوفیکچرنگ یونٹ قائم کرنے تیار

ٹولوس (فرانس)۔11 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام) ’’میک ان انڈیا‘‘ پہل کی تائید کرتے ہوئے طیارہ ساز کمپنی ایربس نے آج کہا ہے کہ وہ ہندوستان میں مینوفیکچرنگ شعبہ قائم کرنے کیلئے تیار ہے ۔ وزیراعظم نریندر مودی نے آج ایربس مینوفیکچرنگ کمپنی کا دورہ کیا ۔ انھوں نے یہاں تمام سہولیات کا مشاہدہ کیا جہاں طیارے تیار کئے جاتے ہیں ۔ عہدیداروں نے انھیں کمپنی کے مختلف اُمور اور یہاں کے کاموں سے واقف کرایا ۔ ایربس گروپ سی ای او ٹام اینڈرس نے ہندوستانی وزیراعظم کا خیرمقدم کیااور کہا کہ نریندر مودی کی ٹولوس آمد پر ہم چاہتے ہیں کہ ہندوستان کے ساتھ صنعتی تعلقات مزید مستحکم ہوں ۔ انھوں نے کہاکہ ہندوستان نے ہماری بین الاقوامی سرگرمیوں میں پہلے ہی سے کلیدی کردار ادا کرنا شروع کردیا ہے اور ہم اپنے پراڈکٹس کے ذریعہ اس کے معیار کو مزید بڑھانا چاہتے ہیں ۔ انھوں نے کہاکہ ہم وزیراعظم مودی کے ’’میک ان انڈیا ‘‘ کی تائید کرتے ہیں اور ہندوستان میں مینوفیکچرنگ شعبہ قائم کرنے کیلئے تیار ہیں ۔ یہاں سے نہ صرف ہندوستان بلکہ دنیا بھر کیلئے طیارہ سازی کی جاسکتی ہے ۔ ہندوستان میں ایربس گروپ پہلے ہی دو انجینئرنگ سنٹرس چلارہا ہے ۔ ایک سنٹر پر شہری ہوابازی اور دوسرے میں دفاعی شعبہ پر توجہ مرکوز کی جاتی ہے ۔ اس کے علاوہ ایک ریسرچ اینڈ ٹیکنالوجی سنٹر بھی ہے جہاں مجموعی طورپر 400 سے زائد قابل ترین لوگ کام کرتے ہیں۔ ایربس گروپ کے سینئر نمائندے نے ان سنٹرس کو وسعت دینے کے فیصلے سے واقف کرایا ۔ وزیراعظم نریندر مودی نے آج ایربس A380 کی تیاری کے تمام مراحل سے واقفیت حاصل کی ۔ اس وقت چار A380 پروازیں روزآنہ ہندوستان کیلئے چلائی جاتی ہیں۔

TOPPOPULARRECENT