’’انتخابی مہم میں کردار کشی سے گریز کیا جائے‘‘

نارائن پیٹ میں انتخابی مبصر ویرا اوبولو کا خطاب

نارائن پیٹ میں انتخابی مبصر ویرا اوبولو کا خطاب

نارائن پیٹ۔ 11 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) انتخابی ضابطہ اخلاق کو سختی سے نافذ کیا جائے۔ منڈل پریشد اور ضلع پریشد انتخابات کو انتخابی ضابطہ اخلاق کی روشنی ہی میں منعقد کرنے کے انتظامات کئے جائیں۔ مسٹر ویرا او بولو خصوصی انتخابی مبصر الیکشن کمیشن برائے حلقہ اسمبلی نارائن پیٹ نے دفتر منڈل پریشد نارائن پیٹ میں منعقدہ حلقہ اسمبلی کے تحصیلدار اور ویلیج ریوینیو آفیسر کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت دی۔ اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کو یہ حق نہیں پہونچتا کہ وہ رائے دہندوں کے درمیان ذات، مذہب، زبان، علاقہ کے موضوع پر اختلافات پیدا کریں۔ امیدوار ایک دوسرے کی خانگی و ذاتی زندگی کے مسائل نہ اٹھائیں۔ رائے دہندوں کو رقمی لالچ دینا، عہدوں کا غلط استعمال بھی نہ کیا جائے۔ اس کے علاوہ سرکاری دفاتر، ٹیلیفون اور برقی کھمبوں پر انتخابات کے بیانر نہ لگائے جائیں۔ دفاتر اور گھروں پر مکان مالک کی اجازت کے بغیر نعرے نہ لکھے جائیں۔ رات 10 بجے سے صبح تک اجلاس منعقد کرنے پر پابندی عائد ہے۔ لاؤڈ اسپیکر کا استعمال ممنوع ہے۔ الیکشن کمیشن کے خصوصی مبصر نے سرکاری عہدیداروں کو مشورہ دیا کہ مواضعات میں کسی بھی قسم کا انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا واقعہ پیش آئے، اس کو الیکشن کمیشن کے عہدیداروں کے سامنے لایا جائے۔ اس اجلاس میں منڈل پریشد ڈیولپمنٹ آفیسر لکشمی نارائنا، تحصیلدار گنیش، شیکھر وغیرہ بھی موجود تھے۔

TOPPOPULARRECENT