Friday , January 19 2018
Home / دنیا / ’’ایران اپنے تمام وعدے پورے کر رہا ہے‘‘

’’ایران اپنے تمام وعدے پورے کر رہا ہے‘‘

ویانا ، 21 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ کے جوہری اْمور کے نگران ادارے آئی اے ای اے کا کہنا ہے کہ ایران نے جوہری ہتھیاروں کی تعمیر کی سطح تک افزودہ اپنے تمام یورینیم کے ذخائر کو ختم کر کے انھیں کم خطرناک سطح پر لے آیا ہے۔ یہ اقدام ایران کے جوہری پروگرام کو محدود کرنے کے معاہدے کا حصہ تھا۔ آئی اے ای اے کی تازہ رپورٹ میں کہا گیا ہیکہ ایران اپنے تمام وعدوں پر عمل کر رہا ہے۔ جمعہ کو ایران کے جوہری پروگرام کے حوالے سے ایران اور مغربی طاقتوں کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں شامل سفارت کار ابتدائی معاہدے کی میعاد میں چار ماہ کی توسیع کرنے پر متفق ہو گئے تھے۔ امریکہ کا کہنا ہے کہ اگر ایران اپنے 20فیصد افزودہ یورینیم کے ذخائر کو ایندھن میں تبدیل کرنے کا سلسلہ جاری رکھے تو وہ ایران کے منجمد اثاثوں میں سے2.8 ارب ڈالر واپس کر دے گا۔ ایران اور مغربی طاقتوں کے درمیان جاری مذاکرات کا مقصد ایران کو اپنے جوہری پروگرام کو محدود کرنے پر قائل کرنا ہے جس کے عوض اس کے خلاف عائد کردہ اقتصادی پابندیوں کو اٹھایا جا سکتا ہے۔ گو ایران بار ہا یہ بات کہہ چکا ہیکہ اس کا جوہری پروگرام پرامن مقاصد کیلئے ہے لیکن جوہری طاقتوں کو شک ہیکہ وہ جوہری ہتھیار بنانے کی کوششیں کر رہا ہے۔

TOPPOPULARRECENT