Monday , September 24 2018
Home / شہر کی خبریں / ’’ کل آخری دن ہے ‘‘

’’ کل آخری دن ہے ‘‘

چیف منسٹر کے سنسنی خیز ریمارک پر چہ میگوئیاں

چیف منسٹر کے سنسنی خیز ریمارک پر چہ میگوئیاں
حیدرآباد۔ /12فبروری، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کرن کمار ریڈی نے سنسنی خیز ریمارک کرتے ہوئے کہا کہ ’ کل آخری دن ہے‘ جس کے بعد سیاسی حلقوں میں چہ میگوئیاں شروع ہوگئیں کہ کل اسمبلی کا آخری دن ہے یا کرن کمار ریڈی چیف منسٹر کے عہدہ سے مستعفی ہوجائیں گے ۔ چیف منسٹر کرن کمار ریڈی ابتداء سے ریاست کو تقسیم کرنے کی مخالفت کررہے ہیں۔ تلنگانہ کے خلاف انہوں نے گذشتہ ہفتہ دہلی میں احتجاجی دھرنا منظم کیا اور صدر جمہوریہ سے ملاقات کرتے ہوئے غیر دستوری طریقہ سے تقسیم ہونے والے بل کو روکنے کی اپیل کی تھی۔ چیف منسٹر نے اسمبلی کو روانہ کردہ مسودہ بل پارلیمنٹ میں پیش کرنے کی صورت میں سیاسی سنیاس لینے کا اعلان کیا تھا۔ یو پی اے حکومت کے خلاف تحریک اعتماد کی نوٹس پیش کرنے والے سیما آندھرا کے 6کانگریس ارکان پارلیمنٹ کے خلاف تادیبی کارروائی کرتے ہوئے انہیں پارٹی سے خارج کردیا تھا۔

اس سلسلہ میں کل شہر میں دستیاب سیما آندھرا کے وزراء اور ارکان اسمبلی کے ساتھ چیف منسٹر نے جائزہ اجلاس طلب کیا۔ وزراء اور ارکان اسمبلی نے کہا کہ چیف منسٹر استعفی دینے پر غور کررہے ہیں۔ یہ بھی افواہ چل رہی ہے کہ چیف منسٹر شاید 13فبروری کو مستعفی ہوسکتے ہیں۔ آج اسمبلی میں بغیر کسی مباحث کے ریاست کے علی الحساب بجٹ کو منظوری دی گئی۔ جب میڈیا نے چیف منسٹر کرن کمار ریڈی سے بات چیت کرنے کی کوشش کی تو انہوں نے سنسنی خیز ریمارک کرتے ہوئے کہا کہ ’ کل آخری دن ہے‘ کل ہی بات کریں گے۔ میڈیا کے نمائندوں نے دوبارہ چیف منسٹر سے سوال کیا کہ کس کا آخری دن ہے؟ جس پرکرن کمار ریڈی نے جواب میں کہا کہ اسمبلی کا، اس طرح انہوں نے استعفی کے سوال کو ٹال دیا۔ واضح رہے کہ چیف منسٹر کے استعفی کی افواہیں گشت کررہی ہیں۔ آج بھی اسمبلی میں سیما آندھرا کے بیشتر وزراء اور ارکان اسمبلی نے چیمبر میں چیف منسٹر سے ملاقات کرتے ہوئے تازہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT