Tuesday , November 21 2017
Home / شہر کی خبریں / امیدوار تشہیری مصارف کی تفصیلات داخل کریں

امیدوار تشہیری مصارف کی تفصیلات داخل کریں

عبادت گاہوں پر پوسٹرس، ہورڈنگس، کٹ آؤٹس آویزاں کرنے پر امتناع
حیدرآباد۔ 17 جنوری (آئی این این) گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے کمشنر اور الیکشن اتھاریٹی ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی نے بلدی انتخابات میں حصہ لینے والی تمام سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنی انتخابی تشہیری مہم اور مصارف سے متعلق تفصیلات پیش کریں۔ تمام امیدوار اپنے وارڈ کے اندر تشہیری مہم کیلئے ادا کی جانے والی رقومات، اشتہارات، ایجنسیوں کی تفصیل متعلقہ ڈپٹی کمشنرس یا متعلقہ ریٹرننگ آفیسرس کو پیش کی جانی چاہئے۔ الیکشن اتھاریٹی نے تمام اڈورٹائزنگ ایجنسیوں کو بعض ہدایات دی ہیں جو ایجنسیاں جی ایچ ایم سی حدود میں کام کررہی ہیں، انہیں چاہئے کہ وہ ہورڈنگس سے آویزاں کرنے، انتخابی اشتہارات اور مختلف طریقوں سے تشہیری مواد سربراہ کرنے کی تفصیلات پیش کریں۔ اس کے علاوہ چیکس یا رقمی شکل میں ادا کردہ رقومات کی بھی تفصیلات پیش کی جانی چاہئے۔ الیکشن اتھاریٹی نے کہا ہے کہ انتخابی مہم کے دوران تشہیر کیلئے کوئی بھی پارٹی مذہبی مقامات کا استعمال نہیں کرسکتی، خاص کر منادر ، مساجد، گرجا گھروں وغیرہ کے در و دیوار پر پوسٹرس یا چھت پر ہورڈنگس آویزاں نہیں کرسکتے۔ ریاستی الیکشن کمیشن کی ہدایت کے مطابق تشہیر کیلئے مذہبی مقامات کو استعمال نہیں کیا جاسکتا۔ دیگر طریقوں سے تشہیر کرنے کیلئے سیاسی پارٹیوں کو متعلقہ حکام سے پیشگی اجازت حاصل کرنی ہوگی۔ امیدواروں کو اپنے ڈیویژنس کے متعلقہ عہدیداروں سے ربط پیدا کرنا ہوگا ۔ ڈپٹی کمشنر یا ریٹرننگ آفیسرس کو اپنے تشہیری مواد اور مصارف سے واقف کرانا ہوگا۔ جی ایچ ایم سی کمشنر کے خصوصی اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر شنکریا کے علاوہ مختلف اڈورٹائزنگ ایجنسیوں کے نمائندے شریک تھے۔

TOPPOPULARRECENT