Wednesday , December 13 2017
Home / شہر کی خبریں / طوفان وردا، سوپر طوفان میں تبدیل

طوفان وردا، سوپر طوفان میں تبدیل

چندرابابو نائیڈو کا دورہ خلیج منسوخ، بڑے پیمانہ پر تباہ کاریاں ممکن
حیدرآباد11دسمبر(سیاست ڈاٹ کام)سمندری طوفان وردا توقع ہے کہ پیر کی شام آندھراپردیش کے جنوبی نیلور ضلع اور چینائیکے درمیان ساحل کو پار کرلے گا۔ سمندری طوفان کے پیش نظر چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرابابو نائیڈو نے اپنا خلیجی ممالک کا دورہ فوری اثر کے ساتھ منسوخ کردیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ طوفان سے بڑے پیمانے پر تباہ کاریاں ممکن ہے۔ ایسے میں صورتحال پر قابو پانے چیف منسٹرنے وزراء اور ماتحت عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ حالات پر فوری قابو پانے مؤثر اقدامات کریں اور صورتحال پر گہری نظر رکھیں۔ ڈزاسٹر مینجمنٹ کمشنر شیش گری بابو نے کہا ہے کہ یہ  طوفان فی الحال خلیج بنگال میں چار سو کلو میٹر پر بنا ہوا ہے اور پندرہ کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے پیشرفت کررہا ہے ۔ توقع ہے کہ یہ کل جنوبی نیلور ضلع اور چینئیکے درمیان ساحل کو پار کرلے گا۔ اس دوران 80کلو میٹر فی گھنٹہ کی اوسط سے طوفانی ہوائیں چلیں گی۔طوفان کے زیر اثر آندھراپردیش کے اضلاع پرکاشم’ نیلور’ چتور’ کڑپہ سمیت اننت پور کے بعض حصو ں میں شدید بارش کی توقع ہے ۔انہو ں نے کہا کہ طوفان کے پیش نظر تمام مناسب انتظامات کرلئے گئے ہیں۔ وجئے واڑہ میں کمانڈ کنٹرول سنٹر قائم کیا گیا ہے ۔ تمام ضلع کلکٹرس نے کنٹرول رومس قائم کئے ہیں اور صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔این ڈی آر ایف کی پانچ ٹیموں کو تیار رکھا گیا ہے ۔ طوفان وردا کے پیش نظر ساحلی اضلاع میں چوکسی اختیار کی گئی ہے ۔

TOPPOPULARRECENT