Tuesday , December 12 2017
Home / دنیا / انسانیت پر حملہ ،دہشت گردی کی صراحت ضروری : مودی

انسانیت پر حملہ ،دہشت گردی کی صراحت ضروری : مودی

لندن۔  14 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) فرانس میں دہشت گرد حملے کو ’’انسانیت پر حملہ‘‘ سے تعبیر کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی نے اقوام متحدہ سے خواہش کی ہے کہ وہ دہشت گردی کی صراحت کرے ، قبل اس کے کہ کافی دیر ہوجائے تاکہ دنیا کو یہ معلوم ہو کہ کون دہشت گردی کی پشت پناہی کررہا ہے اور کون اس کے خلاف ہے۔ پیرس میں ہوئے حملے کی مذمت کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ کل رات پیرس میں جو کچھ ہوا ، وہ انسانیت پر حملہ ہے اور ساری دنیا کو یہ تسلیم کرنا چاہئے کہ یہ حملہ پیرس پر نہیں ،فرانس کے شہریوں پر نہیں، فرانس پر نہیں بلکہ انسانیت پر حملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانیت کے اصولوں پر حملہ کیا گیا ہے لہٰذا تمام طاقتوں کو جو انسانیت پر ایقان رکھتی ہیں، چاہئے کہ متحد ہوکر اس طرح کے حملوں کی مذمت کریں۔ تمام موافق انسانیت طاقتوں کو متحد ہوکر مخالف انسانیت طاقتوں کو شکست دینی چاہئے۔ ان تمام کو اپنی ذمہ داری پوری کرنا چاہئے۔ نریندر مودی یہاں 12 ویں صدی کے ہندوستانی فلاسفر بساویشور کے مجسمہ کی نقاب کشائی کے بعد خطاب کررہے تھے۔ نریندر مودی نے کہا کہ جب بھی ’’بدی کی طاقتوں‘‘ نے اپنا سَر اُٹھایا، بساویشور جیسے اصلاحات پسند لوگ اُٹھ کھڑے ہوئے۔ برطانیہ کے سہ روزہ دورہ کے آخری دن مودی نے کہا کہ انہیں اس بات کا افسوس ہے کہ وہ ایسے وقت بساویشور کے مجسمہ کی نقاب کشائی کررہے ہیں، جبکہ ان کا دِل صدمہ سے دوچار ہے۔

پیرس حملہ : مہلوکین میں
کوئی ہندوستانی نہیں
پیرس۔ 14 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) فرانس میں ہوئے دہشت گرد حملے میں ہلاک ہونے والوں میں ایک بھی ہندوستانی شامل نہیں ہے۔ ہندوستانی ڈپٹی چیف آف مشن نے بتایا کہ ابتدائی رپورٹ کے مطابق ہلاک یا زخمی ہونے والوں میں کوئی بھی ہندوستانی نہیں ہے۔ مشن وزارت اُمور خارجہ سے ربط برقرار رکھے ہوئے اور تازہ صورتحال سے واقف کرایا جارہا ہے ۔ مہیش پربھات نے بتایا کہ ہم ہندوستانی برادری سے ربط قائم کرنے کی بھی کوشش کررہے ہیں اور سوشیل میڈیا سے استفادہ کرتے ہوئے انہیں مشورہ دیا جارہا ہے کہ وہ متعلقہ احباب کو اپنے بارے میں مطلع کریں۔

TOPPOPULARRECENT