Monday , December 18 2017
Home / شہر کی خبریں / طلبہ کو اپنا نصب العین متعین کرنے کا مشورہ

طلبہ کو اپنا نصب العین متعین کرنے کا مشورہ

سلطان العلوم پبلک اسکول گولکنڈہ کا سالانہ جلسہ ، ظفر جاوید ، ولی اللہ اور محمد جعفر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 6 ۔ جنوری : ( راست ) : سلطان العلوم پبلک اسکول گولکنڈہ کے سالانہ جلسہ کا آج منعقدہوا ۔ جناب محمد ولی اللہ وائس چیرمین سلطان العلوم ایجوکیشن سوسائٹی نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی ۔ جناب ظفر جاوید ، جناب محمد جعفر ، جناب ایس اے وہاب ، نسیم نتھانی ، ابراہیم علی صدیقی ، ڈاکٹر میر اکبر علی خاں کے علاوہ سلطان العلوم پبلک اسکول کے پرنسپالس شہ نشین پر موجود تھے ۔ جناب محمد ولی اللہ نے کہا کہ آج گولکنڈہ کے جس میدان میں اسکول کا جلسہ منعقد ہورہا ہے وہاں کبھی مغل اور قطب شاہی افواج کے درمیان جنگ ہوئی تھی ۔ تاہم آج طلباء اپنی تعلیم کے ہتھیار سے جہالت کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں ۔ جناب ظفر جاوید نے اسکول کی کارکردگی کی ستائش کرتے ہوئے پرنسپل وحیدہ رحمان کو خراج تحسین پیش کیا اور طلباء کو تلقین کی کہ وہ اپنا نصب العین متعین کریں ۔ اپنے والدین کے خوابوں کو پورا کریں ۔ انہوں نے کہا کہ ہر دور مسابقت کا ہے محنت اور امتیازی کامیابی کے علاوہ اور کوئی راستہ نہیں ہے ۔ گذشتہ سال اسکول کا رزلٹ 96 فیصد تھا ۔ اس سال صد فیصد ہونا چاہیے ۔ جناب محمد جعفر نے باکسر محمد علی کلے کی مثال دی کہ کس طرح اپنے عزائم اور قوت ارادی سے وہ تاریخ کے عظیم انسان بن گئے ۔ انہوں نے بتایا کہ سلطان العلوم پبلک اسکول کے ڈیولپمنٹ کے لیے ایک کروڑ کا بجٹ مختص کیا گیا ہے ۔ بہترین اساتذہ ، انفراسٹرکچر فراہم کئے گئے ہیں ۔ اب طلباء کے لیے پڑھنا اور آگے بڑھنا ہی ان کی زندگی کا مقصد ہے ۔ انہوں نے امتیازی کامیابی حاصل کرنے والے طلباء کے لیے کیش ایوارڈس کا اعلان کیا ۔ انہوں نے اس بات پر مسرت کا اظہار کیا کہ اسکول اپنا پہلا دہا مکمل کررہا ہے ۔ 2006 میں چار سو طلباء کے ساتھ اس کا قیام عمل میں آیا تھا ۔ اب 1300 طلباء وطالبات زیر تعلیم ہیں ۔ ہونہار اور امتیازی کامیابی حاصل کرنے والے بہترین حاضری کا تناسب رکھنے والے طلباء میں ایوارڈس پیش کئے گئے ۔ طلباء نے کلچرل پروگرامس پیش کئے ۔ ڈرامہ اکبر اعظم کے علاوہ دم بخود کرنے والے اسپورٹس کے مظاہرے پیش کئے گئے ۔۔

TOPPOPULARRECENT