آرٹی سی ملازمین کو رجوع ہونے کا موقع دیا جائے: جگا ریڈی

   

حیدرآباد/21 نومبر، ( سیاست نیوز) کانگریس رکن اسمبلی جگا ریڈی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ آر ٹی سی ملازمین کو غیر مشروط رجوع بکار ہونے کا موقع فراہم کرے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے جگا ریڈی نے جے اے سی کے کنوینر اشواتھاما ریڈی کے فیصلہ کا خیرمقدم کیا جس میں انہوں نے کہا کہ اگر حکومت ملازمین کو غیر مشروط رجوع بکار ہونے کی اجازت دیتی ہے تو وہ ہڑتال ختم کرنے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ کمزور کے طاقتور سے ٹکراؤ کا موقع نہیں ہے۔ حکومت ملازمین کے مسائل پر ہٹ دھرمی کا رویہ اختیار رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 47 دن ہڑتال سے ملازمین کی حالت دگرگوں ہے اور وہ مسائل کا شکار ہیں۔ بیشتر ملازمین قرض میں مبتلاء ہوچکے ہیں۔ صورتحال اسی طرح جاری رہی تو آر ٹی سی ملازمین بھیک مانگنے پر مجبور ہوجائیں گے۔