اساتذہ کی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کیلئے عنقریب اہلیتی امتحان: سبیتا اندرا ریڈی

   

حیدرآباد۔/13مارچ، ( سیاست نیوز) وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی نے کہا کہ اساتذہ کی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کیلئے ٹیچرس اہلیتی امتحان کے انعقاد کے سلسلہ میں چیف منسٹر کے سی آر نے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے۔ چیف منسٹر چاہتے ہیں کہ آئندہ تعلیمی سال کے آغاز سے قبل مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کا عمل مکمل کرلیا جائے۔ سبیتا اندرا ریڈی نے کہا کہ یونیورسٹیز میں پروفیسرس اور دیگر ٹیچنگ و نان ٹیچنگ اسٹاف کے تقررات جلد ہی مکمل کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اسکولوں میں عوام کی جانب سے 2 لاکھ روپئے کا عطیہ دینے پر اسکول کمیٹی میں رکنیت دی جائے گی۔ 25 لاکھ روپئے پرائمری اسکول، 50 لاکھ روپئے اپرپرائمری اور ایک کروڑ روپئے ہائی اسکول میں عطیہ دیئے جانے پر ان کے نام اسکول میں عطیہ دہندگان کے طور پر شامل کئے جائیں گے۔ اس سلسلہ میں جلد ہی احکامات کی اجرائی عمل میں آئے گی تاکہ گائیڈ لائنس کی وضاحت ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ اسکول کی عمارتوں کی اراضی کو محکمہ تعلیم کے نام پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سبیتا اندرا ریڈی نے کہا کہ خانگی اور کارپوریٹ اسکولوں میں تعلیمی فیس پر قابو پانے کیلئے مختلف ریاستوں میں عمل کئے جارہے طریقہ کار کا کابینی سب کمیٹی نے جائزہ لیا ہے۔ سب کمیٹی عنقریب چیف منسٹر کے سی آر کو اپنی رپورٹ پیش کردے گی۔ رپورٹ میں فیس پر قابو پانے اور باقاعدگی پیدا کرنے کیلئے سفارشات پیش کی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ آئندہ تعلیمی سال سے سرکاری اسکولوں میں انگلش میڈیم تعلیم کیلئے تمام تر تیاریاں جاری ہیں۔ 14 مارچ سے ٹیچرس کے تربیتی کلاسیس کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے سرکاری اساتذہ سے ٹریننگ پروگرام میں حصہ لینے کی اپیل کی۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سات برسوں میں مرکزی حکومت نے ملک میں 7 آئی آئی ایم، 7 آئی آئی ٹی، 2 آئی آئی ایس سی آر، 16 ٹریپل آئی ٹی، 4 این آئی ٹی، 157 کالجس اور 84 نوویدیا اسکولوں کو منظوری دی ہے لیکن تلنگانہ کیلئے ایک بھی ادارہ منظور نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم اور دیگر شعبہ جات میں مرکزی حکومت کا تلنگانہ کے ساتھ رویہ جانبدارانہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’ میرا گاؤں۔ میرا اسکول ‘ اسکیم کے فنڈز کے خرچ کیلئے تعلیمی کمیٹی کے صدرنشین اور ہیڈ ماسٹر کے نام پر جوائنٹ چیک پاور دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سرکاری اسکولوں میں داخلہ کیلئے ٹی سی کا مطالبہ نہیں کیا جائے گا اور اس بارے میں عہدیداروں کو ہدایات دی جاچکی ہیں۔ر