اسرائیلی وزیر اعظم کیخلاف گرفتاری وارنٹ جاری

,

   

جنگی جرائم کے ارتکاب پرعالمی فوجداری عدالت کی کارروائی

جینوا: عالمی فوجداری عدالت نے اسرائیلی وزیر اعظم بنجامین نیتن یاہو کے خلاف گرفتاری کا وارنٹ جاری کردیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم پر جنگی جرائم کے ارتکاب کا الزام ہے۔ عالمی فوجداری عدالت نے جنگی جرائم کے ارتکاب کے الزام میں سابق اسرائیلی وزیر دفاع یواف گیلنٹ کے خلاف بھی وارنٹ گرفتاری جاری کیا ہے۔عدالت نے فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے سربراہ محمد ضیف کے خلاف بھی وارنٹ گرفتاری جاری کیا ہے۔غزہ میں 7 اکتوبر سے اب تک اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں 44 ہزار سے زائد فلسطینی شہید اور ایک لاکھ 4 ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔ شہید ہونے والے فلسطینیوں میں 17 ہزار سے زائد بچے ہیں۔تین ججوں کے پینل نے نیتن یاہو اور گیلنٹ کے وارنٹ جاری کرنے کے اپنے متفقہ فیصلے میں لکھا کہ چیمبر نے غور کیا کہ اس بات پر یقین کرنے کی معقول بنیادیں ہیں کہ دونوں افراد نے جان بوجھ کر غزہ کی شہری آبادی کو ان چیزوں سے محروم رکھا جو ان کی بقا کیلئے ناگزیر ہیں، بشمول خوراک ، پانی ‘ ادویات اور طبی سامان۔ علاوہ ازیں ایندھن اور بجلی سے بھی محروم رکھا۔