اسکولی سطح پر ہی اعضا عطیہ کرنے کی تعلیم دی جائے

   

جے پور۔ 11 اکتوبر (یو این آئی) راجستھان کے گورنر ہری بھاؤ کسن راؤ باگڑے نے اسکولی سطح پر ہی اعضاء عطیہ کرنے سے متعلق بیداری مہم اور تعلیم عام کرنے کی اپیل کی ہے اور اعضا عطیہ کو “مہا دان” (عظیم عطیہ) قرار دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اعضاء کی پیوندکاری نہ ہونے کے باعث مرنے والے لاکھوں افراد کی جان بچانے کے لیے عوام کو اعضاء عطیہ کرنے سے جوڑنا ضروری ہے ۔ مسٹر باگڑے ہفتے کے روز انڈین آرگن ٹرانسپلانٹ سوسائٹی کی جانب سے منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ اعضاء عطیہ کرنا ایک عظیم عطیہ ہے ، یہ کسی کی جان بچانے کے مترادف ہے ۔ انہوں نے طبی کالجوں کے نصاب میں بھی اعضاء عطیہ کرنے سے متعلق تعلیم شامل کرنے کی تجویز پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ اعضا عطیہ کرنے کو ایک عوامی تحریک بنایا جانا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں قدیم زمانے سے اعضاء عطیہ کرنے کی روایت موجود رہی ہے ۔گورنر نے ڈاکٹروں کو اعضا عطیہ کرنے کی ترغیب دینے کے ساتھ ساتھ عوام کو بیماریوں سے تحفظ، خوراک اور طرزِ زندگی میں بہتری کے لیے بھی کام کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے ہندوستان میں اعضاء عطیہ کرنے والے افراد کی مثالیں دیتے ہوئے ان سے ترغیب حاصل کرنے کی اپیل کی۔