افغانستان میں اجتماعی قبر دریافت

   

کابل : افغانستان کے جنوبی صوبہ قندھارمیں ایک اجتماعی قبردریافت ہوئی ہے اور اس میں سے 12 افراد کی باقیات برآمد ہوئی ہیں۔پاکستان کی سرحد سے متصل قصبے اسپن بولدک میں چندروز قبل دیہاتیوں کو یہ قبر ملی تھی۔اس علاقے میں گذشتہ سال طالبان کے اقتدار پر قبضے سے قبل سابق افغان حکومت کی فورسز اورطالبان جنگجوؤں کے درمیان شدید لڑائی ہوئی تھی۔ طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ یہ لوگ نو سال قبل اس وقت مارے گئے تھے جب امریکہ کی حمایت یافتہ حکومت اقتدار میں تھی لیکن اس مقام کی آزادانہ تحقیقات نہیں کی گئیں۔انھوں نے کہا کہ ’’ان افراد کو سابق ظالم کمانڈر جنرل رازق نے دیہات سے گرفتارکیا تھا۔وہ سب عام شہری تھے اور انھیں قتل کرکے اس اجتماعی قبر میں دفن کردیا گیا تھا‘‘۔