اقلیتوں کی ترقی کیلئے حکومت کے سنجیدہ اقدامات

   

ہنمکنڈہ میں خصوصی نشست کا انعقاد ، محمد عبدالوحید ایڈوکیٹ، سید اکبر حسین اور دیگر کا خطاب

ورنگل ۔ورنگل کے مشہور سماجی کارکن محمد زبیر غفوری کی جانب سے ہنمکنڈہ میں ایک خصوصی نشست کا انعقاد عمل میں لایا گیا ۔اس پروگرام میں رکن ریاستی وقف بورڈ محمد عبدالوحید ایڈو کیٹ ،سید اکبر حسین سابق چیرمین میناریٹی فینانس کارپوریشن ،صدر ٹی آر ایس شعبہ اقلیت ضلع رنگا ریڈی ،سینئر ٹی آر ایس قائد ایم اے ستار گلشنی ،ٹی آر ایس قائد محمد عظمت خان نے شرکت کی ۔محمد زبیر غفوری نے پروگرام کی صدارت کی ۔اس موقع پر رکن ریاستی وقف بورڈ محمد عبدالوحید ایڈوکیٹ نے مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ چیف منسٹر کے سی آر کی قیادت میں تلنگانہ کی تشکیل کے بعد کرفیو کا خاتمہ ہوگیا ۔24گھنٹے بلا ناغہ برقی کی سربراہی عمل میں لائی جارہی ہے اور مسلمانوں کی فلاح کے لئے کئی ایک اسکیمات کو روشناس کرواتے ہوئے اس پر عمل آوری کی جارہی ہے ۔انہوںنے کہاکہ چیف منسٹر کے سی آر مسلمانوں کے ہمدرد ہیں ۔سابقہ حکومتوں میں مدرسوں کو مختلف نظروں سے دیکھا جاتا تھا ۔لیکن چیف منسٹر کے سی آر خود جامعہ نظامیہ دورہ کرکے کروڑہا روپئے اسلامک سنٹر کا افتتاح انجام دیا ۔اسی طرح انیس الغرباء یتیم خانہ کے لئے 20کروڑ روپئے منظور کرکے 7منزلہ عمارت تعمیر کی گئی ۔انہوںنے کہاکہ چند ایک اپوزیشن پارٹیاں ٹی آر ایس حکومت کو بے دخل کرنے کا خواب دیکھ رہے ہیںجو کبھی پورے نہیں ہونگے ۔سید اکبر حسین نے کہاکہ تلنگانہ حکومت کی جانب سے اقلیتوں کے نامزد عہدوں پر تقررات عمل میں لائے جائیں گے ۔قبل ازیں تمام مہمانوں کی شالپوشی وگلپوشی انجام دی گئی ۔اس موقع پر ایم اے سبحان کنوینر ایم آئی ایم ،محمد نعیم الدین ٹی آر ایس قائد ،محمد خالد سعید چیرمین انصار سوسائٹی ،عمر فاروق ،لئیق ،نجم الدین ،محمد شکیل ،محمد خلیل ،درشن سنگھ ،محمد اشفاق کے علاوہ مقامی افراد کی کثیر تعداد موجود تھی ۔