اقلیتی اسکیمات پر عمل آوری میں درمیانی افراد کے رول کو ختم کرنے کی مساعی

   

حج ہائوز سے 4 افراد حراست میں لئے گئے، اقلیتی عہدیداروں کو سکریٹری عمر جلیل کی سخت ہدایت
حیدرآباد: 29 اگست (سیاست نیوز) اقلیتوں اسکیمات پر عمل آوری میں درمیانی افراد کے رول کو ختم کرنے کے لیے سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے تمام میناریٹیز ویلفیر آفیسرس کو چوکسی کی ہدایت دی ہے۔ چیف منسٹرس اوورسیز اسکالرشپ کی منظوری کے نام پر امیدواروں سے 3 تا 5 لاکھ روپئے کی وصولی سے متعلق روزنامہ سیاست میں رپورٹ کی اشاعت کے بعد سکریٹری اقلیتی بہبود عمر جلیل نے اقلیتی بہبود کے تمام عہدیداروں کو ہدیت دی کہ وہ اسکیمات کے معاملہ میں درمیانی افراد کے خلاف سخت کارروائی کریں۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز اسکالرشپ اسکیم اور اقلیتی فینانس کارپوریشن کی امدادی اسکیم کے لیے امیدواروں سے رقومات حاصل کرنے کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ عہدیداروں کو پابند کیا گیا ہے کہ جہاں کہیں بھی درمیانی افراد کی سرگرمیوں کو دیکھیں، انہیں پولیس کے حوالے کیا جائے۔ ڈسٹرکٹ میناریٹیز ویلفیر آفیسر کے دفاتر میں موجود بعض ملازمین کی درمیانی افراد سے ملی بھگت کی شکایات ملی ہیں۔ سید عمر جلیل نے کہا کہ اسپرنگ۔2023 کے لیے اقلیتی امیدواروں سے درخواستوں کی طلبی کے لیے نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔ فال۔2022 کی درخواستوں کی جانچ کا کام جاری ہے۔ بعض درمیانی افراد اسکالرشپ کی منظوری کا لالچ دے رہے ہیں۔ انہوں نے امیدواروں سے اپیل کی کہ وہ درمیانی افراد سے رجوع نہ ہوں۔ اسکالرشپ کی منظوری، ڈگری اور پی جی امتحانات کے نشانات کے علاوہ جی ماٹ، جی آر ای، ٹوفل، آئیلٹس اور پی ٹی ای امتحانات کے رینک کی بنیاد پر رہے گا۔ کسی بھی امیدوار سے جانبداری کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسرس کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ درخواستوں کی جانچ کے مرحلہ میں چوکس رہیں اور غیر متعلقہ افراد کو مداخلت کی اجازت نہ دیں۔ حکومت کی جانب سے تمام سرگرمیوں پر نظر رکھی جارہی ہے۔ اسی دوران حج ہائوز نام پلی میں چار افراد کو پکڑکر پولیس کے حوالے کردیا گیا جو مختلف اسکیمات کے امیدواروں کو رقومات کی منظوری کا لالچ دے رہے تھے۔ حج ہائوز کے مینٹیننس سپروائزر محمد امتیاز نے 4 ایجنٹس کی سرگرمیوں کی اطلاع عابڈس پولیس کو دی۔ ان کے قبضے سے مختلف اسکیمات کی درخواستیں ضبط کی گئیں۔ بتایا جاتا ہے کہ حج ہائوز میں ایجنٹس کی سرگرمیاں عروج پر ہیں۔ سلائی مشین کی منظوری، ایک لاکھ روپئے امدادی اسکیم، شادی مبارک اوورسیز اسکالرشپ کے درخواست گزاروں سے رقومات طلب کی جارہی ہیں۔