انتقال

   

حیدرآباد۔/23 فروری، ( راست ) ۔ عالم دین، جامعہ نظامیہ حیدرآباد کے شیخ التجوید اور مدرسہ محمدیہ تعلیم الاسلام بنڈلہ گوڑہ ملحقہ جامعہ نظامیہ کے بانی مولانا قاری شیخ محمد عبد الغفور قادری رحمت آبادی نے آج صبح سوا آٹھ بجے بعمر 58 سال بعارضہ قلب داعی اجل کو لبیک کہا۔ بعد نماز عشاء احاطہ جامعہ نظامیہ میں مفکر اسلام مولانا مفتی خلیل احمد شیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ کی امامت میں نماز جنازہ ادا کی گئی۔ تدفین مدرسہ محمدیہ تعلیم الاسلام ملحقہ جامعہ نظامیہ میں عمل میں آئی۔فاتحہ سیوم جمعہ 25 فروری کو بعد نماز عصر جامعہ نظامیہ میں مقرر ہے۔مولانا شیخ محمد عبد الغفور قادری تادم زیست علم و فن کی آبیاری میں مصروف رہے۔ وہ کئی تدریسی و علمی کتابوں کے مصنف تھے۔ ان کی بعض کتابیں کالجس اور یونیورسٹیز کے نصاب میں شامل ہیں۔وہ جامعہ نظامیہ کے ممتاز اور ماہر فکر وفن، نابغہ روزگار علماء میں شمار کئے جاتے ہیں۔ حال ہی میں مرکز تحقیقات اسلامیہ جامعہ نظامیہ کے زیر اہتمام ہندوستان میں پہلی مرتبہ مولانا کی زیر نگرانی قرات عشرہ پر مشتمل قرآن مجید کی اشاعت عمل میں آئی۔مفکر اسلام حضرت مولانا مفتی خلیل احمد کی زیر نگرانی انہوں نے کئی اہم تعلیمی پروجیکٹس کامیابی کے ساتھ مکمل کئے۔وہ اہل سنت وجماعت کے حقیقی ترجمان تھے۔ ان کے انتقال سے ایک پابند نظم و نسق معلم، حرکیاتی عالم دین اور دردمند مربی سے ملت اسلامیہ محروم ہوگئی۔
٭٭ جناب محمد عبدالقادر صدیقی ولد جناب محمدعبدالرحیم صدیقی مرحوم ساکن امام باڑہ کا بوقت فجر انتقال ہوگیا۔ نماز جنازہ مسجد غوثیہ امام باڑہ میں بعد عصر ادا کی گئی اور تدفین بود علی شاہ قبرستان میں عمل میں آئی۔ فاتحہ سیوم بروز جمعہ بعد عصر مسجد ہذا میں مقرر ہے۔ مزید تفصیلات کیلئے 9160544440 یا 9676614895 پر ربط کریں۔