انٹرمیڈیٹ اڈوانسڈ سپلیمنٹری امتحانات ملتوی

   

حیدرآباد۔28 اپریل(سیاست نیوز) تلنگانہ اسٹیٹ بورڈ آف انٹر میڈیٹ کے اڈوانسڈ سپلیمنٹری امتحانات کو ملتوی کردیا گیا ہے۔16مئی سے شروع ہونے والے انٹر میڈیٹ اڈوانسڈ سپلیمنٹری امتحانات کو ملتوی کرتے ہوئے 25مئی سے 4جون کے درمیان اڈوانسڈ سپلیمنٹری امتحانات کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔سیکریٹری بورڈ کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق ریاست تلنگانہ میں 16مئی سے منعقدہونے والے انٹرمیڈیٹ سپلیمنٹری امتحانات اب 25مئی سے 4جون کے درمیان منعقد کئے جائیں گے اور7تا10 جون کے درمیان بورڈ آف انٹر میڈیٹ کی جانب سے انٹر پریکٹیکل امتحانات منعقد کئے جائیں گے ۔ریاست تلنگانہ میں انٹرمیڈیٹ نتائج میں ہونے والی دھاندلیوں کے سلسلہ میں رپورٹ کے افشاء کے بعد پیدا شدہ حالات اور حکومت کی جانب سے تحقیقات کے ساتھ ساتھ ناکام طلبہ کے جوابی بیاضات کی از سر نو جانچ کے فیصلہ کے بعد اس بات کو یقینی تصور کیا جا رہا تھا کہ ریاست میں ہونے والے انٹرمیڈیٹ کے اڈوانسڈ سپلیمنٹری امتحانات کو ملتوی کیا جائے گا لیکن گذشتہ شب حکومت کی جانب سے تشکیل دی گئی سہ رکنی کمیٹی کی جانب سے رپورٹ پیش کئے جانے اور رپورٹ میں خانگی کمپنی کی غلطیوں کی نشاندہی کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ اڈوانسڈ سپلیمنٹری امتحانات کو ملتوی کیا جائے ۔