ایس ایس سی امتحانات کا آج سے آغاز

,

   

بے قاعدگیوں اور نقل نویسی کی روک تھام کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات
حیدرآباد۔/18مارچ،( سیاست نیوز) ڈائرکٹر بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن حیدرآباد مسٹر ستیہ نارائن ریڈی نے کہا کہ ریاست بھر میں 19 مارچ سے شروع ہونے والے امتحانات ایس ایس سی میں شرکت کرنے والے طلباء و طالبات پر ایک منٹ تاخیر سے امتحانی مرکز پہنچنے پر انہیں امتحانی مرکز میں داخل ہونے کی اجازت نہ دینے کی کوئی پابندی عائد نہیں کی گئی ہے ۔ لیکن طلباء و طالبات کو نصف گھنٹہ قبل ہی امتحانی مرکز پر پہنچ جانا ہوگا۔ انہوں نے آج اخباری نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ امتحانات ایس ایس سی میں اس مرتبہ جملہ 5.34 لاکھ سے زائد طلباء و طالبات شرکت کررہے ہیں۔ امتحانات میں کسی مبینہ بے قاعدگیوں ، نقل نویسی وغیرہ کے واقعات کا انسداد کرنے کیلئے بڑے پیمانے پر فلائنگ اسکواڈز تشکیل دیئے گئے۔ علاوہ ازیں امتحانی مراکز پر سٹنگ اسکواڈز بھی رکھے جارہے ہیں۔ مسٹر ستیہ نارائن ریڈی نے کہا کہ موسم گرما کے پیش نظر امتحانی مراکز پر طلباء و طالبات کیلئے پینے کے پانی کی سہولت فراہم کرنے کے انتظامات کئے گئے ہیں اور کورونا وائرس کے موجودہ حالات کو پیش نظر رکھتے ہوئے امتحان میں شرکت کرنے والے طلباء و طالبات کو ماسکس لگاکر بھی امتحان تحریر کرنے کی اجازت دی جارہی ہے اور اپنے ساتھ پینے کے پانی کی بوتلیں بھی رکھنے کی اجازت دی جارہی ہے۔ ڈائرکٹر بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن نے مزید کہا کہ امتحانات کے پُرامن انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے گئے اور امتحانی مراکز میں کسی بھی نوعیت کی بے قاعدگیوں کے واقعات کی اطلاعات پر متعلقہ امتحانی مرکز کے انچارج عہدیداروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا سخت انتباہ دیا اور طلباء و طالبات پر بھی زور دیا کہ وہ پُرامن انداز میں سکون کے ساتھ امتحانی پرچہ تحریر کرنے پر اپنی اولین ترجیح دیں۔