ایمسیٹ میں انٹر ویٹیج پر حکومت نے ہنوز کوئی فیصلہ نہیں کیا

   

کم از کم مارکس کا قطعی فیصلہ ہونا باقی ہے ، جس کی وجہ سے ایمسیٹ کے نوٹیفیکیشن کی اجرائی میں تاخیر
حیدرآباد ۔ 21 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : ایمسیٹ انٹر مارکس کے ویٹیج سسٹم کو دوبارہ متعارف کرایا جائے یا نہیں اس پر حکومت نے تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے ۔ جس سے ایمسیٹ نوٹیفکیشن کی اجرائی میں تاخیر ہورہی ہے ۔ جاریہ سال مئی میں ایمسیٹ کا انعقاد کرنے کا پہلے ہی فیصلہ کیا گیا ہے ۔ 7 تا 11 مئی تک انجینئرنگ شعبہ 12 تا 14 مئی تک اگریکلچر ، فارمیسی امتحانات کا انعقاد کیا جارہا ہے ۔ تاہم اس کے لیے ہنوز نوٹیفیکیشن جاری نہیں ہوا ہے ۔ کورونا کی وجہ سے گذشتہ تین سال سے ایمسیٹ میں انٹر مارکس ویٹیج کو منسوخ کیا گیا تھا اسی نظام کو مستقبل میں بھی جاری رکھنے پر غور کیا جارہا ہے ۔ اس سلسلے میں عہدیداروں نے حکومت کو تجاویز روانہ کی تھی ۔ اس کو منظوری دیتے ہوئے حکومت کو احکامات جاری کرنا ہے ۔ دوسری جانب انجینئرنگ کی تعلیم میں داخلہ لینے کے لیے انٹر میں کم از کم نمبروں کی شرط کو کورونا کے دوران ختم کردیا گیا ۔ جاریہ سال دوبارہ ان قواعد کو متعارف کرانا ہو تو اس کے لیے حکومت کو دوبارہ احکامات جاری کرنا ہوگا ۔ اس معاملے میں حکومت نے ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے ۔ ان دو احکامات کی اجرائی کے بعد ہی ایمسیٹ کا اعلامیہ جاری ہونے کے امکانات ہیں ۔ واضح رہے کہ انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات کا 15 مارچ سے آغاز ہورہا ہے ۔ ان امتحانات کے لیے ہال ٹکٹس کی اجرائی کا عمل شروع ہونے کے بعد ایمسیٹ درخواستوں کے ادخال کا موقع فراہم کیا جائے گا ۔ طلبہ کو ان کے ہال ٹکٹس کی بنیاد پر درخواست داخل کرنا ہوگا کیوں کہ ایمسیٹ کیلئے انٹر کامیابی درکار ہے ۔ انٹر حکام کی جانب سے ابھی تک ہال ٹکٹس کی اجرائی کا آغاز نہیں کیا ہے ۔ ایمسیٹ نوٹیفیکیشن کی اجرائی میں تاخیر کی یہ بھی ایک وجہ بتائی جارہی ہے ۔ ایمسیٹ میں انٹر فرسٹ ایر کے نصاب سے 70 فیصد سوالات دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ یہ فیصلہ اس لیے کیا گیا کیوں کہ کورونا کی وجہ سے فرسٹ ایر کا مکمل نصاب نہیں پڑھایا گیا تھا ۔ سکنڈ ایر کے مکمل نصاب کا احاطہ کیا جارہا ہے ۔ 150 مارکس پر مشتمل ایمسیٹ امتحان انٹر فرسٹ ایر اور سکنڈ ایر سے مساوی طور پر سوالات دئیے جائیں گے ۔ لیکن انٹر فرسٹ ایر سے متعلق تمام سوالات 70 فیصد نصاب سے دئیے جائیں گے ۔ جب کہ سکنڈ ایر سے متعلق سوالات کا انتخاب پورے نصاب سے کیا جائے گا ۔۔ ن