ای ڈی نوٹس پر ہنگامہ کے بجائے کویتا خود کو بے قصور ثابت کریں، بنڈی سنجے اور ڈی اروند کا تبصرہ

   

حیدرآباد۔/8 مارچ، ( سیاست نیوز) انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی جانب سے ایم ایل سی کویتا کو نوٹس کی اجرائی پر بی جے پی نے سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔ ریاستی صدر بنڈی سنجے نے کہا کہ شراب معاملہ میں ملوث ہوتے ہوئے کویتا نے عالمی یوم خواتین کے موقع پر تلنگانہ کو شرمسار کردیا ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بنڈی سنجے نے کہا کہ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی کارروائی پر بی آر ایس غیر ضروری ہنگامہ کررہی ہے۔ کویتا کو نوٹس سے سارا تلنگانہ سماج اور خواتین کا سر شرم سے جھک گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک کے ہر گاؤں کو برقی سربراہی سے مربوط کردیا ہے۔ ملک کی ہمہ جہتی ترقی نریندر مودی کی کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت خواتین پر مظالم کے واقعات کو روکنے میں ناکام ہوچکی ہے۔ بی جے پی رکن پارلیمنٹ ڈی اروند نے دہلی شراب اسکام کے سلسلہ میں کویتا کو نوٹس کی اجرائی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ 2018 تک ریاستی کابینہ میں ایک بھی خاتون شامل نہیں تھی۔ 2019 عام انتخابات میں کویتا کو بی جے پی کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد لکر اسکام میں کویتا کا نام منظر عام پر آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوٹس پر ہنگامہ آرائی کے بجائے کویتا کو خود کو بے قصور ثابت کرنا چاہیئے۔ر