اے پی اسمبلی کا سرمائی اجلاس ، پہلا دن پیاز کی قیمتوں پر ہنگامہ آرائی کی نذر

   

امراوتی ۔9ڈسمبر ( پی ٹی آئی) آندھراپردیش قانون ساز اسمبلی کے سرمائی اجلاس آج اپنے پہلے دن سے ہی پیاز کی آسمان چھوتی قیمتوں پر اپوزیشن تلگودیشم ارکان کی شدید ہنگامہ آرائی کے ساتھ شروع ہوا ۔ لیکن حکمراں وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے خواتین کے تحفظ و سلامتی پر مختصر بحث کی ۔ وزیر داخلہ ایم سچتراتلگودیشم ارکان کی گڑبڑ اور ہنگامہ آرائی کے سبب اپنا بیان مکمل طورپر نہیں پڑھ سکی ۔ چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے مداخلت کرتے ہوئے ایوان سے کہاکہ پیاز کی قیمت کا مسئلہ بھی انتہائی اہم ہے لیکن مناسب انداز میں اس پر متعاقب بحث کی جاسکتی ہے ۔ اس دوران ایوان میں نظم و ضبط کو یقینی بنایا جانا چاہیئے ۔ لیکن اپوزیشن ارکان ایوان کے وسط میں جمع ہوگئے اور فی الفور پیاز کی قیمت کے مسئلہ پر بحث کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا ۔ اس کے جواب میں وائی ایس آر کانگریس خاتون ارکان وسط میں پہنچ گئی اور تلگودیشم ارکان کے رویہ کی مذمت کی ۔