بدنام زمانہ سارق گرفتار ، مسروقہ اشیاء ضبط

   

ملزم کی عدالتی تحویل ، کوکٹ پلی ہاوزنگ بورڈ پولیس کی کارروائی
حیدرآباد ۔ 5 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : گھروں میں سرقہ کرنے والے ایک بدنام زمانہ عادی سارق کو کوکٹ پلی ہاوزنگ بورڈ پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 47 سالہ آر وینکٹ راؤ جو آج مشتبہ حالت میں گھوم رہا تھا ۔ پولیس نے اسے شبہ کی بنیاد پر حراست میں لیا اور تحقیقات کے دوران پولیس نے اس کی شناخت کرلی ۔ پولیس نے اس کے قبضہ سے 3 لاکھ 70 ہزار مالیتی اشیاء بشمول 8 تولہ سونا 10 تولے چاندی و دیگر اشیاء کو ضبط کرلیا ۔ سال 2009 سے وینکٹ راؤ سرقہ کی وارداتوں میں ملوث ہے اور اس نے تقریبا 22 وارداتیں گھروں میں سرقہ کرنے کی انجام دیں اور کئی مرتبہ جیل کی سزاء بھی کاٹ چکا ہے ۔ فروری سال 2020 میں جیل سے رہائی کے بعد اس نے دوبارہ سرقہ کی وارداتیں شروع کردیا تھا ۔ مشیر آباد ، چیتنیہ پوری اور کوکٹ پلی ہاوزنگ بورڈ حدود میں ایک ایک وارداتیں انجام دیں ۔ وینکٹ راؤ ڈنڈیگل میں رہتا تھا جب کہ اس کی بیوی اور بچے جو سافٹ ویر ملازمین ہیں نظام پیٹ میں رہتے تھے ۔ پولیس نے گرفتار شخص کو عدالتی تحویل میں دے دیا ۔۔