بین ریاستی دھوکہ بازوں کی ٹولی گرفتار

   

مسروقہ مال و رقم ضبط، انجنی کمار سٹی پولیس کمشنر کی پریس کانفرنس
حیدرآباد 20 فروری (سیاست نیوز) کمشنر ٹاسک فورس پولیس نے بدنام زمانہ بین ریاستی دھوکہ بازوں کی ٹولی کو گرفتار کرتے ہوئے اُن کے قبضہ سے مسروقہ مال اور نقد رقم برآمد کرلی۔ پولیس کمشنر حیدرآباد مسٹر انجنی کمار نے کہاکہ 27 سالہ اے کرن اور اُس کا ساتھی جی تھلاسندر جن کا تعلق آندھراپردیش کے ضلع کپم سے ہے، شہر حیدرآباد کے علاوہ رچہ کنڈہ، کرناٹک اور آندھراپردیش میں بھی توجہ ہٹاکر عوام کو لوٹ لینے کے واقعات میں ملوث ہیں۔ انجنی کمار نے کہاکہ گرفتار دھوکہ باز اُن افراد کو نشانہ بنایا کرتے تھے جو بینک سے رقومات حاصل کرکے واپس ہوتے تھے۔ کرن اور تھلاسندر بینک گاہکوں کی توجہ ہٹاکر اُن کے نقد رقومات کا سرقہ کرلیا کرتے تھے۔ اُنھوں نے کہاکہ گرفتار سارقین جملہ 17 مقدمات میں ملوث ہیں اور وہ اپنے شکار کی نشاندہی کرنے کے بعد اُس پر کھجلی کا پاؤڈر چھڑک دیا کرتے تھے اور بسااوقات 50 اور 100 روپئے کا نوٹ سڑک پر گراکر بینک سے رقم حاصل کرنے والے افراد کی توجہ ہٹاکر اُن کے بیاگ کا سرقہ کرلیا کرتے تھے۔ ٹاسک فورس نارتھ زون ٹیم نے مذکورہ دھوکہ بازوں کو گرفتار کرتے ہوئے اُن کے قبضہ سے 9 لاکھ 40 ہزار روپئے، 4 موٹر سائیکلیں، موبائیل فون اور ایک چاقو بھی برآمد کرلیا۔ پولیس نے ملزمین کو عدالت میں پیش کرتے ہوئے اُنھیں جیل بھیج دیا۔