بیوی کا قتل کرنے والا شوہر گرفتار

   

حیدرآباد۔ کوکٹ پلی ہاوزنگ بورڈ پولیس نے بیوی کا قتل کرنے والے شوہر کو گرفتار کرلیا جس نے جاریہ ماہ کی 3 تاریخ کو بیوی کا قتل کرنے کے بعد اس کی نعش پارکنگ میں چھوڑ کر فرار ہوگیا تھا۔ کوکٹ پلی ہاؤزنگ بورڈ پولیس نے اس قاتل شوہر 30 سالہ کے وینکٹ نارائنا کو گرفتار کرلیا۔ وینکٹ نارائنا کا تعلق کتہ گوڑم سے بتایا گیا جو پیشہ سے آیورویدک ادویات فروخت کرتاتھا۔ شادی کے بعد بیوی سے تنازعہ کے سبب علحدہ زندگی بسر کررہا تھا۔ اس دوران ضلع کی ایک خاتون شراونتی سے اس کی جان پہچان ہوئی اور اکثر ادویات کی فروخت کے بہانے نارائنا شراونتی سے ملاقات کرتا تھا۔ شراونتی نے شوہر سے طلاق لے لی تھی۔ دونوں کی دوستی شادی تک پہنچ گئی اور 2018 میں ان دونوں نے شادی کرلی۔ تاہم جنوری 2020 میں انہوں نے شہر کا رُخ کیا اور حیدر نگر میں زندگی بسر کر رہے تھے۔ پولیس کے مطابق نارائنا شراب کا عادی ہوگیا اور اس کی یہ عادت شراونتی کو پسند نہیں تھی جو شوہر کو شراب کا نشہ کرنے سے روکتی تھی۔ اس بات پر اکثر دونوں میں جھگڑا ہوا کرتا تھا 3 جنوری کو جھگڑے کے بعد وینکٹ نارائنا نے بیوی شراونتی پر لاٹھی سے حملہ کرتے ہوئے ہلاک کردیا اور فرار ہوگیا تھا جسے پولیس نے آج گرفتار کرلیا۔