بی آر ایس کا 5 فروری کو ناندیڑ میں جلسہ عام، قومی قائدین کی شرکت

   

وزیر جنگلات اندرا کرن ریڈی کا دورہ، ارکان اسمبلی کے ساتھ جلسہ گاہ کے انتظامات کا جائزہ

حیدرآباد۔/29 جنوری، ( سیاست نیوز) بھارت راشٹرا سمیتی کا 5 فروری کو مہاراشٹرا کے ناندیڑ میں بڑا جلسہ عام منعقد ہوگا۔ بی آر ایس کے قیام کے بعد پہلا جلسہ عام کھمم میں منعقد ہوا تھا جبکہ تلنگانہ کے باہر پہلا جلسہ ناندیڑ میں ہوگا۔ جلسہ کے انتظامات کے سلسلہ میں وزیر جنگلات اندرا کرن ریڈی کو ذمہ داری دی گئی ہے۔ اندرا کرن ریڈی نے آج گورنمنٹ وہپ بی سمن، رکن اسمبلی بودھن عامر شکیل، تلنگانہ اسٹیٹ انفرااسٹرکچر کارپوریشن کے صدرنشین جی بالاملو ، سیول سپلائیز کارپوریشن کے صدرنشین رویندر سنگھ اور دیگر قائدین کے ہمراہ ناندیڑ کا دورہ کیا اور جلسہ عام کے مقام کا جائزہ لیا۔ انہوں نے جلسہ عام کے انعقاد کے سلسلہ میں بھاری تعداد میں عوام کی شرکت کے پیش نظر نشستوں اور پارکنگ کے مقامات کی نشاندہی کی۔ وزیر جنگلات نے جلسہ گاہ میں بیریکیٹس اور دیگر کاموں کو جائزہ لیا۔ جلسہ عام میں چیف منسٹر کے سی آر کے علاوہ قومی قائدین شرکت کریں گے۔ جلسہ عام میں شرکت کیلئے عوام کو رکاوٹ کے بغیر راہداری فراہم کرنے کی ہدایت دی گئی۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اندرا کرن ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ کی فلاحی اور ترقیاتی اسکیمات سے متاثر ہوکر کئی قائدین بی آر ایس میں شمولیت اختیار کررہے ہیں۔ مہاراشٹرا کی کئی اہم شخصیتیں 5 فروری کو کے سی آر کی موجودگی میں بی آر ایس میں شمولیت اختیار کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ مہاراشٹرا کے عوام بھی تلنگانہ ماڈل کی طرح اپنی ریاست میں فلاحی اسکیمات پر عمل آوری کی خواہاں ہے۔ اندرا کرن ریڈی نے کہا کہ آئندہ لوک سبھا انتخابات میں بی آر ایس قومی سطح پر اہم رول ادا کرے گی۔ر