تعلیمی قابلیت معاملہ : سمرتی سے استعفیٰ کامطالبہ

   

نئی دہلی، 12 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس نے جمعہ کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی سینئر لیڈر اور مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی پر ان کی تعلیمی قابلیت کے متعلق جھوٹ بولنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ انہیں اس کی قانونی اور اخلاقی ذمہ داری لے کر عہدے سے استعفی دے دینا چاہئے ۔کانگریس کی ترجمان پرینکا چترویدی نے یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں صحافیوں کو بتایا کہ متحرمہ ایرانی نے امیٹھی لوک سبھا حلقہ میں اپنی امیدواری کا اعلان کرتے ہوئے ایک حلف نامہ دخل کیا ہے جس میں انہوں نے اپنی تعلیمی قابلیت انٹرمیڈیٹ پاس اور دہلی یونیورسٹی کے مفت تعلیم اسکول میں بی کام کورس میں داخلہ دکھایا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ محترمہ ایرانی نے اپنی تعلیمی قابلیت کے متعلق اس سے پہلے الیکشن کمیشن، لوک سبھا، راجیہ سبھا اور کورٹ میں دیئے گئے حلف ناموں میں مختلف معلومات دی ہے ۔ انھوں نے یہ بھی دعوی کیا ہے کہ ان کے پاس امریکہ کی ییل یونیورسٹی کی گریجویشن کی ڈگری ہے ۔محترمہ چترویدی نے کہا کہ متحرمہ ایرانی نے تعلیمی قابلیت کے تعلق سے مختلف حلف نامہ دے کر عوامی نمائندگی قانون 1955 کی دفعہ 125 اے اور 33 کی خلاف ورزی کی ہے ۔ اس کے علاوہ یہ تعزیرات ہند کے تحت بھی قابل جرم عمل ہے ۔کانگریس لیڈر نے الزام عائد کیا کہ محترمہ ایرانی نے مرکزی وزیر کے عہدے پر رہتے ہوئے اپنے اختیارات اور اثررسوخ کا غلط استعمال کیا ہے ۔ اس لئے انہیں اس قانونی اور اخلاقی ذمہ داری لیتے ہوئے مرکزی وزیر کے عہدے سے استعفی دینا چاہئے ۔