تلنگانہ میں آج رائے دہی، 119 نشستوں کیلئے 2290 امیدوار میدان میں

   

ریاست بھر میں 35 ہزار 655 پولنگ مراکز ، صبح 7 تا شام 5 بجے رائے دہی،3 کروڑ 26 لاکھ سے زائد ووٹرس
حیدرآباد۔/29 نومبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ کے 119 اسمبلی حلقہ جات کیلئے کل 30 نومبر کو رائے دہی مقرر ہے جس کے لئے الیکشن کمیشن نے تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ 119 اسمبلی حلقہ جات میں 2290 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ ہوگا جس کیلئے 35655 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں۔ ریاست کے تمام اضلاع میں انتخابی عملہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور دیگر آلات کے ساتھ متعلقہ پولنگ اسٹیشنوں کو پہنچ چکا ہے اور رائے دہی کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ آزادانہ و منصفانہ رائے دہی کیلئے پولنگ اسٹیشنوں کے باہر اور اندرونی حصہ میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔ چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج نے بتایا کہ صبح 7 تا شام 5 بجے تک 106 اسمبلی حلقہ جات میں رائے دہی ہوگی جبکہ ماویسٹوں سے متاثرہ 13 اسمبلی حلقہ جات میں صبح 7 تا شام 4 بجے رائے دہی ہوگی۔ الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور انتخابی عملے کے تحفظ کیلئے مقامی پولیس کے علاوہ نیم فوجی دستوں کو تعینات کیا گیا ہے۔ ریاست میں انتخابی مہم کا کل اختتام عمل میں آیا۔ الیکشن کمیشن نے وضاحت کی کہ ووٹر انفارمیشن سلپ نہ ہونے کی صورت میں رائے دہندے کسی اور شناختی کارڈ کے ذریعہ حق رائے دہی سے استفادہ کرسکتے ہیں۔ انتخابی ڈیوٹی پر 1.48 لاکھ عہدیداروں اور ملازمین تعینات کئے گئے جنہوں نے پوسٹل بیالٹ کے ذریعہ رائے دہی میں حصہ لیا۔ ریاست بھر میں 27094 مراکز پر ویب کاسٹنگ کی سہولت موجود ہے۔ ووٹر شناختی کارڈ یا کوئی اور شناختی ثبوت کے ساتھ رائے دہی میں حصہ لے سکتے ہیں۔ پولنگ اسٹیشنوں میں سیل فون اور الیکٹرانک آلات کی اجازت نہیں رہے گی۔ الیکشن کمیشن نے رائے دہی کے دن تمام خانگی اداروں میں تعطیل کی ہدایت دی ہے اور خلاف ورزی پر کارروائی کا انتباہ دیا گیا۔ آزادانہ و منصفانہ رائے دہی یقینی بنانے پولیس اور الیکشن کمیشن کے مبصرین مسلسل دورہ کریں گے۔ حساس پولنگ اسٹیشنوں کے اطراف زائد سیکوریٹی انتظامات کئے جارہے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے پہلی مرتبہ 80 سال سے زائد عمر کے رائے دہندوں اور معذورین کیلئے گھر پر رائے دہی کی سہولت فراہم کی۔ تلنگانہ میں رائے دہندوں کی جملہ تعداد 32602799 ہے جن میں مرد 16298418 جبکہ خاتون رائے دہندے 16301705 ہیں۔ سرویس ووٹرس کی تعداد 15206 ہے جبکہ این آر آئی ووٹرس 2944 ہیں۔ 18 سے 19 سال عمر کے رائے دہندوں کی تعداد 999667 درج کی گئی ہے۔ 119 اسمبلی حلقہ جات کے 2290 امیدواروں میں 221 خواتین اور 2068 مرد امیدوار ہیں۔ رائے دہی کے پُرامن انعقاد کیلئے نیم فوجی دستوں کی 375 کمپنیاں اور ریاستی پولیس کے 50 ہزار ملازمین تعینات کئے جائیں گے۔ رائے دہی کی تکمیل کے بعد الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کو اسٹرانگ رومس میں محفوظ کیا جائے گا۔ رائے شماری 3 ڈسمبر اتوار کو ہوگی۔