تلنگانہ میں اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کے اقدامات

   

صدرنشین و ارکان وقف بورڈ ریاست کا عنقریب دورہ کریں گے
حیدرآباد۔31 جولائی (سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ جناب محمد مسیح اللہ خان بورڈ کی جانب سے کئے گئے فیصلہ کے مطابق جاریہ ماہ کے پہلے ہفتہ سے ریاست تلنگانہ کے تمام اضلاع کا دورہ کرتے ہوئے وقف جائیدادوں کی تفصیلات حاصل کریں گے اور ان کے تحفظ کے لئے کئے جانے والے اقدامات کے متعلق آگہی حاصل کریں گے۔ ریاست تلنگانہ کے اضلاع میں موجود اوقافی اراضیات کے تحفظ کو یقینی بنانے کے سلسلہ میں بورڈ کے اجلاس کے دوران صدرنشین اور ارکان بورڈ پر مشتمل وفود کے اضلاع کے دوروں اور اوقافی جائیدادوںکے متعلق تفصیلات اکٹھا کرنے کا فیصلہ کیاگیا تھا ۔جناب محمد مسیح اللہ خان نے بتایا کہ ریاستی وقف بورڈ کی جانب سے شہر حیدرآبادو سکندرآباد کے علاوہ ضلع رنگا ریڈی کی جائیدادوں کے تحفظ پر توجہ دی گئی اور اضلاع کی جائیدادیں بالخصوص شہری اضلاع میں موجود قیمتی جائیدادوں کوبھی نظرانداز کئے جانے کے سبب تنازعات پیدا ہونے لگے ہیں جنہیں فوری طور پر حل کرتے ہوئے وقف بورڈ کے ذریعہ ان کے تحفظ کے اقدامات کئے جانے ضروری ہیں اسی لئے تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ کے اجلاس کے دوران صدرنشین وقف بورڈ اور ارکان بورڈ کے دورہ اضلاع کا فیصلہ کیا گیا تھا ۔ انہو ںنے بتایا کہ ریاست کے تمام اضلاع میں موجود اوقافی اراضیات کا ریکارڈ اکٹھا کرتے ہوئے ان کے تحفظ کے لئے محکمہ مال کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا جائے گا اور حکومت تلنگانہ کے اعلیٰ عہدیداروں سے مشاورت کے بعد اوقافی جائیدادوں کے ریکارڈ س اور محکمہ مال کے ریکارڈس کی تنقیح کے ذریعہ ان تمام جائیدادوں کو جو کہ سرکاری قبضہ یا محکمہ مال کے کنٹرول میں ہیں واپس حاصل کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے۔صدرنشین وقف بورڈ نے بتایا کہ ریاستی وقف بورڈ میں موجود اوقافی جائیدادوں کے ریکارڈس کے باوجود محکمہ مال جن جائیدادوں پر دعویٰ کررہا ہے ان جائیدادوں کی تفصیلات حاصل کرتے ہوئے ان کے حق ملکیت کے تنازعات کی عاجلانہ یکسوئی کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے اور جن اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کے لئے فوری حد بندی یا تعمیرات درکار ہیں ان کی تفصیلات کو بورڈ کے اجلاس میں پیش کرتے ہوئے ان کے لئے خصوصی بجٹ کی منظوری عمل میں لائی جائے گی تاکہ اوقافی جائیدادوں کے تحفظ اور ترقیات کے اقدامات کو ممکن بنایا جاسکے۔م