اس سال بجٹ اُمید افزا ہوگا، کورونا بحران سے 50 ہزار کروڑ کا نقصان: کے سی آر
حیدرآباد۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے بتایا کہ تلنگانہ اسمبلی کا بجٹ سیشن 15 مارچ کے بعد شروع ہونے کا امکان ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ مالیاتی سال 2021-22 کا بجٹ اُمید افزا ہوگا۔ آج پرگتی بھون میں چیف منسٹر نے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کرتے ہوئے بجٹ میں شامل کئے جانے والے محکموں کے بجٹ تخمینہ اور عہدیداروں کی فراہم کردہ مالیاتی رپورٹس کا جائزہ لیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ مختلف فلاحی و ترقیاتی اسکیمات پر عمل آوری کے علاوہ پہلے سے ہی متعارف کردہ بھیڑ بکریوں کی افزائش کے پروگرام کو برقرار رکھا جائے گا۔ اس اسکیم میں مزید 3 لاکھ بھیڑوں کے یونٹس کی تقسیم کو آئندہ بجٹ کی تجاویز میں شامل کیا جائے گا۔چیف منسٹر نے کہا کہ کورونا بحران کا سرکاری خزانہ پر بھاری اثر پڑا ہے اور اس سے 50 ہزار کروڑ روپئے کا نقصان ہوا ہے۔ اس کے اثرات ایک لاکھ کروڑ روپئے تک پہنچ رہے ہیں۔ اَن لاک کے بعد ریاست کی معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے۔ مختلف صورتوں میں محصولات میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ بجٹ پچھلے بجٹ کے مقابلے میں زیادہ بہتر ہوگا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ کل سے وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ محکمہ فینانس کے عہدیداروں کے علاوہ دیگر محکموں کے ساتھ اجلاس طلب کر کے بجٹ کی تیاری کو قطعیت دیں گے۔ بعد ازاں چیف منسٹر کی زیر صدارت اجلاس میں بجٹ کو حتمی شکل دی جائے گی۔
اس اجلاس میں ریاستی وزیر فینانس ہریش راؤ ، چیف سکریٹری سومیش کمار کے علاوہ دوسرے عہدیدار موجود تھے۔