حیدرآباد 11نومبر(یواین آئی) تلنگانہ کے خلیجی ممالک میں کام کرنے والے مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لئے ایک جامع این آر آئی پالیسی تیار کرنے کے حصہ کے طور پر دہلی اور کیرالا کے مطالعہ دوروں کی تجویز حکومت کو بھیجی گئی ہے ۔ یہ بات این آر آئی ایڈوائزری کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر بی ایم ونود کمار اور وائس چیئرمین بھیم ریڈی نے ایک بیان میں بتائی۔ انھوں نے وضاحت کی کہ ان مطالعاتی دوروں کا بنیادی مقصد خلیجی ممالک میں برسرِ روزگار ہندوستانی مزدوروں کے لئے مرکزی اور مختلف ریاستی حکومتوں کی جانب سے نافذ کردہ فلاحی اور حفاظتی اسکیموں کا جائزہ لینا ہے ۔ ان کے مطابق، کمیٹی کے ارکان نومبر کے آخری ہفتہ میں دہلی میں وزارتِ خارجہ کے حکام سے ملاقات کریں گے ۔ اسی طرح، دسمبر کے دوسرے ہفتہ میں کیرالا کے دورہ کے دوران، وہ حکومتِ کیرالا کی جانب سے خلیجی ملازمین کے مفاد کے لیے نافذ کردہ نورکا جیسے فلاحی پروگراموں کا بھی جائزہ لیں گے ۔