جاپان میں زلزلہ کے جھٹکے، کوئی نقصان نہیں

   

ٹوکیو۔3 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) جاپان کا جنوب مغربی علاقہ زلزلہ کے جھٹکوں سے دہل گیا تاہم کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ہے جبکہ سونامی وارننگ بھی جاری نہیں کی گئی ہے۔ دریں اثناء جاپان کے محکمہ موسمیات نے بتایا کہ زلزلہ کی شدت 5.0 نوٹ کی گئی ہے جس کے جھٹکے فوکوکا، ناگاساکی اور کوماسوٹو میں جمعرات کی اولین ساعتوں میں محسوس کیئے گئے۔ دوسری طرف نیشنل براڈکاسٹر این ایچ کے ٹی وی نے عوام سے پرسکون رہنے کی اپیل کی ہے۔ اگر زلزلہ سے مکانات میں معمولی سا ارتعاش پیدا ہو تو خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں۔ بلکہ پرسکون انداز میں مکان سے باہر آجائیں۔ اکثر ایسا ہوتا ہے کہ ارتعاش کی وجہ سے برتن وغیرہ اور دیگر اشیاء زمین پر گرنے لگتے ہیں۔ ٹی وی نیوز فوٹیج میں سڑک کی اور ٹریفک لائٹس کو بدستور جلتے ہوئے دکھایا گیا ہے جبکہ سڑکوں پر بھی عوام کی معمول کے مطابق آمدورفت جاری تھی۔