جوبلی ہلز میں کانگریس کی کامیابی یقینی، میناکشی نٹراجن اور مہیش کمار گوڑ کا دعویٰ

   

انچارج وزیر اور قائدین کے ساتھ اجلاس، حکومت کی فلاحی اسکیمات سے عوام کو واقف کرانے کی ہدایت

حیدرآباد۔ 5 اکتوبر (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے جوبلی ہلز انتخابی مہم میں مصروف سرکردہ قائدین کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے صورتحال کا جائزہ لیا۔ اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ میناکشی نٹراجن، اے آئی سی سی سکریٹری وشواناتھن، ریاستی وزیر زراعت ٹی ناگیشور راؤ، صدر نشین اقلیتی فینانس کارپوریشن عبید اللہ کوتوال، صدر نشین لائبریریز محمد ریاض، صدر نشین اردو اکیڈیمی طاہر بن حمدان، صدر نشین اسپورٹس اتھاریٹی شیواسینا ریڈی، رکن راجیہ سبھا انیل کمار یادو اور دیگر قائدین نے اجلاس میں شرکت کی۔ صدر پردیش کانگریس نے جوبلی ہلز کے تینوں ڈیویژنس میں پارٹی کے موقف کا جائزہ لیا اور قائدین کو ہدایت دی کہ وہ گھر گھر پہنچ کر عوام سے ربط قائم کریں اور حکومت کی فلاحی اسکیمات سے واقف کرایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس کی مخالف حکومت مہم کے جواب میں کانگریس قائدین کو فلاحی اسکیمات کی تفصیلات سے واقف کرانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی وعدوں کی تکمیل اور فلاحی اسکیمات کی تفصیلات پر مبنی پمفلٹس تیار کرتے ہوئے عوام میں تقسیم کئے جائیں۔ میناکشی نٹراجن نے قائدین سے کہا کہ وہ پارٹی کی کامیابی کے لئے متحرک ہو جائیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کارکردگی سے عوام مطمئن ہیں اور انہیں حکومت کی اسکیمات کے فوائد سے واقف کرایا جائے۔ صدر پردیش کانگریس نے کارپوریشنوں کے صدور نشین اور انچارج قائدین کو ہدایت دی کہ وہ انتخابی مہم میں تیزی پیدا کریں اور عوامی ردعمل کے بارے میں پردیش کانگریس کمیٹی کو آگاہ کیا جائے۔ 1