جہیز ہراسانی کا شکار نئی دلہن کی خودکشی

   

شادی کے اندرون ایک ماہ اقدام پر مقامی عوام اشکبار
حیدرآباد ۔ 27 نومبر (سیاست نیوز) پرانے شہر کے علاقہ رین بازار میں ایک نوبیاہتا دلہن کی خودکشی کا واقعہ پیش آیا۔ دلہن کے رشتہ دار اور مقامی ذرائع کے مطابق اس نئی نویلی دلہن اپنے والدین پر 10 لاکھ کے مزید مالی بوجھ کو عائد نہیں کرنا چاہتی تھی جس کا مطالبہ اس 21 سالہ شافیہ فاطمہ کے شوہر اور سسرالی رشتہ دار کررہے تھے۔ شادی ہوئے ابھی ایک ماہ کا بھی عرصہ نہیں گذرا کہ اس لڑکی کا ڈولہ اٹھتا دیکھ کر مقامی عوام بھی اشکبار ہوگئے۔ رین بازار کے علاقہ عثمان باغ میں سنسنی کا سبب بنے اس کیس میں رین بازار پولیس تحقیقات کررہی ہے۔ پولیس رین بازار کے مطابق 21 سالہ شافیہ فاطمہ جو عثمان باغ علاقہ کے ساکن رشید کی بیوی تھی، اس خاتون نے کل مبینہ طور پر راست پھانسی لیکر خودکشی کرلی۔ شافیہ کی شادی 30 اکٹوبر سال 2021ء یعنی گذشتہ ماہ ہوئی تھی۔ شادی کے وقت لڑکی کے والدین نے 10 تولہ سونا، ایک موٹرسیکل، گھریلو سازوسامان و دیگر اشیاء بشمول چاندی کی اشیاء دی تھی۔ تاہم چند روز سے اس خاتون کے شوہر اور خسر یوسف پر الزام ہیکہ انہوں نے 10 لاکھ زائد جہیز کی رقم کا مطالبہ کرتے ہوئے شافیہ فاطمہ کو ہراساں کرنا شروع کردیا اور اذیت پہنچا رہے تھے۔ اس گھریلو تشدد و اذیت رسانی اور ہراسانی سے تنگ آ کر شافیہ فاطمہ نے کل رات انتہائی اقدام کرلیا۔ اس سلسلہ میں ا نسپکٹر رین بازار رنجیت کمار نے بتایا کہ پولیس تمام زاویوں سے اس کیس کی تحقیقات کررہی ہے۔ امکان ہیکہ بہت جلد اس کیس میں خاطیوں کی گرفتاری عمل میں لائی جائے گی۔ع