آوارہ کتوں کے حملے میںہلاک کمسن کے افراد خاندان کو معاوضہ کا مطالبہ
حیدرآباد۔/21 فروری، ( سیاست نیوز) عام آدمی پارٹی نے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے دفتر پر دھرنا منظم کرتے ہوئے عنبرپیٹ میں آوارہ کتوں کے حملے میں کمسن پردیپ کی موت کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے پسماندگان کو 10 لاکھ روپئے معاوضہ کا مطالبہ کیا۔ عام آدمی پارٹی تلنگانہ کے کور کمیٹی رکن ڈاکٹر ڈی سدھاکر کی قیادت میں دھرنا منظم کیا گیا۔ عنبرپیٹ میں آوارہ کتوں کے حملے میں کمسن لڑکے پردیپ کی موت واقع ہوگئی اور اس واقعہ کیلئے جی ایچ ایم سی ذمہ دار ہے جس نے کتوں کو پکڑنے کی کوئی مہم نہیں چلائی ہے۔ پسماندگان میں سے ایک فرد کو جی ایچ ایم سی میں ملازمت اور ڈبل بیڈ روم مکان کا مطالبہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ چار سال کے پردیپ کا واقعہ پہلی مرتبہ نہیں ہے بلکہ حیدرآباد میں اس طرح کے اور بھی واقعات پیش آچکے ہیں۔ڈاکٹر سدھاکر نے کہا کہ حیدرآباد اور وہ بھی گنجان آبادی والے علاقہ میں یہ واقعہ پیش آیا جو جی ایچ ایم سی کیلئے باعث شرم ہے۔ جی ایچ ایم سی کی جانب سے آوارہ کتوں کو پکڑنے یا پھر انہیں ٹیکہ اندازی نہ کرنے کے نتیجہ میں معصوم بچوں کی زندگی کو خطرہ لاحق ہوچکا ہے۔ میئر جی ایچ ایم سی اور وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ کمسن لڑکے کے افراد خاندان کو انصاف دلائیں۔دھرنا میں عام آدمی پارٹی کے قائدین راموگوڑ، ٹی راکیش سنگھ، ٹی سدھاکر، سرینواس، محمد جاوید اور دوسروں نے حصہ لیا۔ر