جی ایچ ایم سی میں 1520 کروڑ روپئے کا جائیداد ٹیکس وصول

   

گذشتہ سال کی بہ نسبت 310 کروڑ زیادہ وصول، 30 مارچ تک جملہ 2000 کروڑ وصول کرنے کا منصوبہ

حیدرآباد۔/11 مارچ، ( سیاست نیوز) جائیداد ٹیکس کی وصولی میں جی ایچ ایم سی نے نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ گذشتہ سال یکم اپریل سے جاریہ سال 6 مارچ تک 12.95 لاکھ افراد سے 1520 کروڑ روپئے جائیداد ٹیکس وصول کیا ہے۔ اسی وقت گذشتہ سال 10.92 لاکھ افراد سے تقریباً 1210 کروڑ روپئے کا جائیداد ٹیکس وصول کیا تھا۔ گذشتہ سال کی بہ نسبت اس سال 310 کروڑ روپئے کی زائد آمدنی ہوئی ہے۔ جاریہ مالیاتی سال آرلی برڈ اسکیم کے ذریعہ 741.35 کروڑ روپئے کی آمدنی حاصل ہوئی ہے۔ کمشنرجی ایچ ایم سی لوکیش کمار مسلسل زونل کمشنرس ، ڈپٹی کمشنرس سے اجلاس طلب کرتے ہوئے انہیں دیئے گئے ٹارگٹ کی وصولی کا جائزہ لیا ہے جس کی وجہ سے جائیداد ٹیکس کی وصولی میں نیا ریکارڈ قائم ہوا ہے۔ تقریباً18 لاکھ افراد جائیداد ٹیکس کی فہرست میں شامل ہیں جس میں تاحال 70 فیصد افراد نے جائیداد ٹیکس ادا کردیا ہے۔ جاریہ مالیاتی سال کے اختتام تک مختص کردہ 2000 کروڑ روپئے جائیداد ٹیکس وصول کرنے کیلئے متعلقہ عہدیداروں کو دن رات کام کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ جائیداد ٹیکس کی وصولی کیلئے خصوصی مہم چلائی جارہی ہے۔ لمبے عرصہ سے ٹیکس ادا نہ کرنے والوں کی نشاندہی کرتے ہوئے ان سے جائیداد ٹیکس کی وصولی کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ایسے ٹیکس دہندوں کو ریڈ نوٹس جاری کی جارہی ہے۔ نوٹس کے مقررہ وقت پر ٹیکس ادا نہ کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ ہر اتوار کو جائیداد ٹیکس کے مسائل کو حل کرنے کیلئے خصوصی پروگرام کا انعقاد کرنے پر بھی غور کیا جارہا ہے۔ن