حضرت سید شاہ غوث معین الدین قادری

   

سید مختار عالم قادری

حضرت سید شاہ غوث معین الدین قادری ؒ جگر گوشہ حضرت حافظ جلال الدین قادری جمال البحر المعروف حضرت معشوق ربانی رحمۃ اللہ علیہ ہیں ۔ آپ کی گنبد پدر بزرگوار کی گنبد کے قریب بجانب مشرق واقع ہے ۔ آپ کی ولادت ۹۳۶؁ ھ بمقام عرس جاگیر ورنگل ہوئی ۔ علوم ظاہری و باطنی کی تحصیل ، بیعت و خرقۂ خلافت پدر بزرگوار سے حاصل فرمایا ۔ والد بزرگوار کے پردہ فرمانے کے بعد رشد و ہدایت کا سلسلہ جاری رکھا ۔ آپؒ کے وصال کے بعد ہم عصر علماء نے آپ کی مزار مبارک سے قرآن خوانی کی آواز سماعت فرمائی (بحوالہ مشکوٰۃ النبوہ ) ۔
آپ کو دوصاحبزادے حضرت سید شاہ اولیاء سلطان الفقراء قادریؒ اور حضرت سید شاہ عبدالنبی قادریؒ تھے ۔ بڑے صاحبزادے سلطان الفقراء سات حج بیت اﷲ کئے اور مدینہ منورہ ہی کو اپنا مسکن بنالیا تھا ۔ چنانچہ آپ کا انتقال مدینہ منورہ ۱۰۸۸؁ھ میں ہوا اور تدفین گنبد خضریٰ کے دامن میں ہوئی ۔ آپؒ کی زوجہ محترمہ کا تعلق قطب شاہی خاندان سے تھا ۔ آپ کی وصیت کی بناء پر جس تختہ پر آپ کو غسل دیا گیا تھا اسے مدینہ منورہ سے ورنگل لایا گیا جو آپ کی زوجہ محترمہ کی گنبد میں آج تک بھی محفوظ ہے ۔ حضرت کے چھوٹے صاحبزادے سید شاہ عبدالنبی قادیؒ بڑے بھائی قبلہ کے انتقال کے بعد والد کے خلیفہ بنے ۔ آپ کا مزار والد بزرگوار کے پائیں جانب واقع ہے ۔ حضرت سید شاہ غوث معین الدین قادریؒ ۲۹ ذی الحجہ ۱۰۱۰؁ھ ( شب یکم محرم الحرام ) میں عالم فانی سے خالقِ حقیقی سے جاملے ۔