حیدرآباد لائف سائنس کے میدان کا عالمی مرکز : کے ٹی آر

   

ایچ آئی سی سی میں منعقدہ سہ روزہ بائیو ایشیا 2023 کانفرنس کا افتتاح
حیدرآباد ۔ 24 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر آئی ٹی و صنعت کے ٹی آر نے کہا کہ دنیا کی ٹاپ 10 فارما کمپنیوں میں سے چار تلنگانہ میں کام کررہی ہیں ۔ تلنگانہ لائف سائنس اور فارما شعبہ ماحولیاتی نظام کے مرکز میں تبدیل ہوگیا ہے ۔ ایچ آئی سی سی میں منعقدہ سہ روزہ بائیو ایشیا 2023 کانفرنس کا افتتاح کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ 800 سے زیادہ فارما اور بائیو ٹیک کمپنیاں تلنگانہ میں اپنی خدمات انجام دے رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی ایک تہائی ویکسین تلنگانہ میں تیار کی جاتی ہیں ۔ دیسی ادویات کی برآمدات کا 30 فیصد اے پی آئی کی پیداوار کا 40 فیصد اور اے پی آئی کی 50 فیصد برآمدات تلنگانہ سے ہوتی ہے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ بڑی خوشی کی بات ہے حیدرآباد میں بائیو ایشیا کانفرنس کا اہتمام کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد لائف سائنس کے میدان میں ایک عالمی مرکز بن گیا ہے ۔ ساتھ ہی حیدرآباد فارمیسی دنیا کا سب سے بڑا مرکز زیر تعمیر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ 8 برسوں کے دوران تلنگانہ میں تین ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کی گئی ہے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ شہر میں 20 سے زیادہ لائف سائنسیس اور میڈٹیک انکیوبیٹرس موجود ہیں ۔ چیف منسٹر کے سی آر کی قیادت میں لائف سائنس شعبہ کو ترقی دینے کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ کے ٹی آر نے طبی خدمات فراہم کرنے کے لیے سائنسداں اور دانشوروں کو آپس میں مل کر کام کرنے کا مشورہ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ ’ جینوم ویلی ‘ ایکسیلنس ایوارڈ 2023 پروفیسر رابرٹ لینگر کو دیا جائے گا ۔۔ ن