حیدرآباد کی ترقی ،دوسرے مرحلہ کے عنقریب16 پراجکٹس

   

کے ٹی آر کا ٹوئیٹ، پہلے مرحلہ میں 31 پراجکٹس کی تکمیل
حیدرآباد۔/4ستمبر، ( سیاست نیوز) حیدرآباد میں حالیہ عرصہ میں بہتر انفرااسٹرکچر سہولتوں کی فراہمی کو جاری رکھنے کیلئے حکومت نے اسٹراٹیجک روڈ ڈیولپمنٹ پروگرام کے مرحلہ دوم پر عنقریب عمل آوری کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤکے مطابق ایس آر ڈی پی مرحلہ اول سے حیدرآباد میں غیر معمولی تبدیلیاں واقع ہوئی ہیں اور مرحلہ دوم کا عنقریب آغاز ہوگا۔ کے ٹی آر نے ٹوئٹر پر لکھا کہ اسٹراٹیجک روڈ ڈیولپمنٹ پروگرام سے حیدرآباد میں سڑکوں کے بہتر انفرااسٹرکچر کی فراہمی میں مدد ملی ہے۔ اس پروگرام کے تحت 31 پراجکٹ مکمل کئے گئے اور مزید 16 پراجکٹس کا مرحلہ دوم کے تحت عنقریب آغاز عمل میں لایا جائے گا۔ کے ٹی آر نے ایس آر ڈی پی پراجکٹ کی تصاویر ٹوئٹر پر پوسٹ کی۔ اس پراجکٹ کے تحت حیدرآباد میں فلائی اوورس، انڈر پاس، روڈ اوور برج، روڈ انڈر برجس اور اسٹیل برجس تعمیر کئے گئے۔ انفرااسٹرکچر پراجکٹس کے نتیجہ میں چھوٹی اور تنگ سڑکوں کی توسیع کی گئی ہے۔ چندرائن گٹہ ایکسٹنشن فلائی اوور، جوبلی ہلز روڈ نمبر 45 فلائی اوور اور درگم چیروو کیبل برج پہلے مرحلہ میں ایس آر ڈی پی کے تحت مکمل کئے گئے۔ امید کی جارہی ہے کہ مرحلہ دوم سے شہر میں سڑکوں کی صورتحال میں بہتری آئے گی جس سے عوام اور ٹریفک کے بہاؤ میں سہولت ہوگی۔ر