خاتون کی مشتبہ حالت میں موت

   

حیدرآباد۔/21 جون، ( سیاست نیوز) پرانے شہر کے علاقہ شاہ علی بنڈہ میں ایک خاتون کی مشتبہ حالت میں موت کا واقعہ پیش آیا۔ بتایا جاتا ہے کہ شدید زخمی حالت میں اس خاتون کا شوہر اسے ایک علاقہ سے دوسرے علاقہ منتقل کرنے کی کوشش میں تھا اور بیمار حالت میں اس مجبور خاتون کو اپنے آبائی مقام لے جانے کی کوشش کررہا تھا کہ چوکس پولیس نے اس کی کوشش کو ناکام بنادیا۔ تاہم خاتون فوت ہوگئی جس کا علاج جاری تھا۔ شاہ علی بنڈہ پولیس کے مطابق 22 سالہ میثم جو لال دروازہ علاقہ کے ساکن جمیل کی بیوی تھی اس کا تعلق ریاست اتر پردیش سے بتایا گیا ہے۔ ڈھائی سال قبل ان کی شادی ہوئی تھی ۔ گزشتہ روز آٹو میں میاں بیوی کو مشکوک حالت میں دیکھ کر پولیس نے اسٹیشن کی جانب بڑھنے سے روک لیا تھا۔ جس کے بعد شاہ علی بنڈہ پولیس نے ان پر نظر رکھی اور خاتون کو ہاسپٹل منتقل کیا جہاں وہ فوت ہوگئی۔ خاتون کے گلے پر گہرے زخموں کے نشانات اور کان سے خون بہہ رہا تھا۔ شاہ علی بنڈہ پولیس مصروف تحقیقات ہے۔