خواتین کے سیلف گروپس کو 85 ہزار کروڑ قرض کی اجرائی

   

شادی مبارک اور کلیان لکشمی کے تحت لاکھوں خاندانوں کو فائدہ
حیدرآباد۔/8 مارچ، ( سیاست نیوز) تشکیل تلنگانہ کے بعد سے حکومت نے خواتین کی بھلائی اور ترقی کیلئے کئی قدم اٹھائے ہیں۔ محکمہ بہبودی خواتین و اطفال کی جانب سے عالمی یوم خواتین کے موقع پر نوٹ جاری کرتے ہوئے دعویٰ کیا گیا کہ سیلف ہیلپ گروپس کو 85 ہزار کروڑ کا قرض فراہم کیا گیا ہے۔ کلیان لکشمی کے تحت 10 ہزار کروڑ اور کے سی آر کٹ کی تقسیم پر 1176 کروڑ خرچ کئے گئے۔ مرکزی اداروں جن میں نیتی آیوگ شامل ہے تلنگانہ میں خواتین کی بھلائی کی اسکیمات کی ستائش کی ہے۔ خواتین کے سیلف ہیلپ گروپس معاشی طور پر استحکام میں اہم رول ادا کرتے ہیں۔ بینکوں سے مربوط اسکیم کے نتیجہ میں خواتین کو اپنے کاروبار کو وسعت دینے میں مدد ملے گی۔ دیہی علاقوں میں سیلف ہیلپ گروپس کو2014-15 میں 3738 کروڑ جاری کئے گئے تھے جبکہ 2022-23 میں 12684 کروڑ جاری کئے گئے۔ شہری علاقوں میں18680 سیلف ہیلپ گروپس کو 1458 کروڑ جاری کئے گئے۔ ریاست بھر میں سیلف ہیلپ گروپس کی تعداد 4.31 لاکھ ہے جس کے ارکان تقریباً 46 لاکھ سے زائد ہیں۔ ریاست کی تشکیل سے قبل خواتین کے گروپس کو محض 21978 کروڑ بلاسودی قرض فراہم کیا گیا تھا جبکہ تلنگانہ کے قیام کے بعد آٹھ برسوں میں66624 کروڑ قرض جاری کیا گیا۔ کلیان لکشمی اور شادی مبارک کے ذریعہ غریب لڑکیوں کی شادی میں مدد کی گئی۔ جنوری 2023 تک ایس سی طبقہ کی 2.4 لاکھ، ایس ٹی طبقہ کی 1.5 لاکھ ، بی سی طبقہ کی 5.9 لاکھ اور اقلیتی طبقہ کے 2.4 لاکھ غریب خاندانوں کو شادی کیلئے مدد کی گئی ہے۔ر